قدس کے علاقوں میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کا حکم

ہفتہ 17 دسمبر 2016 11:02

غزہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء) اسرائیلی حکومت کے وزیراعظم نے مشرقی اور وسطی بیت المقدس کے فلسطینیوں کے مکانات مسمار کر دیئے جانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

فلسطینی خبر رساں ایجنسی معا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے فلسطینیوں کے ان مکانات کا کوئی جواز نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ مقبوضہ بیت المقدس اور النقب کے علاقوں میں فلسطینیوں کے رہائشی مکانات کو مسمار کر دیا جائے۔

قابل ذکر ہے کہ 1967کی جنگ کے بعد غرب اردن اور مشرقی بیت المقدس سمیت فلسطینیوں کے مختلف علاقوں میں 230 سے زائد بستیاں قائم کر کے 5لاکھ سے زائد غاصب صیہونی آباد ہو گئے ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جنیوا کنوینشن کی بنیاد پر اقوام متحدہ اور دنیا کے بیشتر ملکوں نے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔