سوشل سیکورٹی اسکیم کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی سے موثر بنایا جاسکتاہے‘ فاروق لغاری

جمعہ 16 دسمبر 2016 22:39

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) سوشل سیکورٹی اسکیم کو موثر بنانے کا انحصار ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی خدمات پر ہے کیونکہ میڈیکل سروسز ہی وہ بنیادی سہولت ہے جو سوشل سیکورٹی کی وجہ بنی۔ یہ بات کمشنر سیسی محمدفاروق لغاری نے ادارے کے ڈاکٹروں کے لئے منعقدہ دو روزہ تربیتی کورس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹرممتاز شیخ، ڈائریکٹرٹریننگ اینڈ ریسرچ نشاط زیدی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کورس میں معروف کارڈیولاجسٹ پروفیسر ڈاکٹرحامدشفقت، ماہر امراض سینہ ڈاکٹراقبال پیرزادہ، مینجمنٹ کنسلٹنٹ سلمان عارف حسین اور ہیلتھ مینجمنٹ کنسلٹنٹ ڈاکٹرجاویداقبال نے کمیونیکیشن اور مختلف پروفیشنل اسکلز پر لیکچر دیئے۔

(جاری ہے)

دو روزہ ٹریننگ کورس میں کراچی، حیدرآباد،کوٹری اور سکھر سے آئے ہوئے ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ کمشنر سیسی فاروق لغاری نے ڈاکٹروں سے کہاکہ وہ اپنے رویئے، انداز گفتگو اور طرز عمل سے نہ صرف مریضوں کی دلجوئی کرسکتے ہیںبلکہ ادارے کا امیج بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اُن کا مریض ایک ایسے طبقہ سے تعلق رکھتا ہے جو پہلے ہی بہت سے سماجی اور معاشی مسائل کا شکار ہے۔

آپ کے مریضوں میں طبقاتی تنوع نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دور حاضر کی میڈیکل سائنس مریضوں کی نفسیات پر بہت زور دیتی ہے۔ لہٰذا آپ ذرا سی توجہ، محتاط رویئے اور تھوڑی سی اپنائیت سے اپنے پیشے کے تقدس کو مزید دوام بخش سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقابلے کے اس دور میں اپنی سروسز کو بہتر بنانے کا واحد راستہ اعلیٰ معیار ہی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے سیسی کے ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہا اور کہاکہ یہ انسٹی ٹیوٹ ایسے تربیتی کورسز کا انعقاد کررہاہے جو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں اور آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

قبل ازیں ٹریننگ سیشن کا افتتاح کرتے ہوئے وائس کمشنر آصف علی میمن نے سیسی کے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ ہاسپٹل مینجمنٹ سسٹم کو آئی ٹی سے منسلک کریں انہوں نے کہاکہ ادارے کے تمام ہسپتالوںاور میڈیکل کے شعبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے اور اس ٹریننگ کورس کا مقصد بھی شرکاء کو طب کے شعبہ میں ہونے والی جدید پیش رفت سے آگاہ کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹرٹریننگ نشاط زیدی نے بتایا کہ مجموعی طور پر اب تک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے تحت236تربیتی پروگرامز منعقد کئے جاچکے ہیں جبکہ ڈاکٹرز کے لئے اپنی نوعیت کا39 واں کورس ہے۔ آخر میں مہمان خصوصی کمشنر سیسی فاروق لغاری نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :