وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گھریلو تشدد کیخلاف صوبائی حکومت کے بل پر اسلامی نظر یاتی کونسل کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت

گھریلو تشدد کیخلاف بل پر کا م رکنا نہیں چاہیے،اتفاق رائے سے اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ بل کی تیاری یقینی بنائی جائے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا خواتین پارلیمنٹری کا کس کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 16 دسمبر 2016 22:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے گھریلو تشدد کے خلاف صوبائی حکومت کے بل پر اسلامی نظر یاتی کونسل کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوںنے ہدایت کی کہ اس پر کا م رکنا نہیں چاہیے ۔اتفاق رائے سے اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ بل کی تیاری یقینی بنائی جائے۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاو رمیں خواتین پارلیمنٹری کا کس کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

صوبائی اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر مہر تاج روغانی، عظمیٰ خان، راشدہ رفعت ، دینہ ناز، معراج ہمایون خان، آمنہ سردار، رقیہ ، صوبیہ خان اور ریحانہ جلیل اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس خواتین یوتھ کی ترقی کیلئے بھی بہترین پروگرام موجود ہیں ہم خواتین کی صلاحیتوں کو نکھارنا چاہتے ہیں اور انہیں بااختیار بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین اسمبلی کے طریق کار کو سمجھیں اور خواتین کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت خواتین کو با اختیار بنانے اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع دینے کیلئے کام کر رہی ہے ۔ ہم یوتھ کیلئے ایک ارب روپے جاری کرچکے ہیں یوتھ خواتین کو بھی اس پروگرام سے استفادہ کرنے کا موقع دیاجائے گاجبکہ اس پروگرام کے علاوہ بھی خواتین یوتھ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے قابل عمل پروگرام موجود ہیں۔

خواتین اراکین اسمبلی خواتین کی فلاح و ترقی کیلئے کردار ادا کریں ہم سب بھر پور تعاون کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری خواتین بڑی با صلاحیت ہیں اور انہوںنے ہر شعبے میں کارکردگی دکھائی ہے۔ہمارے دور میں خواتین نے قلیل عرصے میں قانون سازی ، عوامی مسائل اور خواتین کی فلاح کیلئے اسمبلی فلور پر اور اسمبلی سے باہر گراں قدر خدمات انجام دی ہیں جس کا اعتراف ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کیا گیا ہے۔

ہمیں اس پر فخر ہے اور ہم خواتین کو ترقی کے مزید مواقع دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ خواتین آگے بڑھیں اور اس سے استفادہ کریں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اسمبلی میں خواتین کو 50 لاکھ روپے کی فراہمی کیلئے کیس تیار کرکے بھیجیںاس سال ہم دیں گے اور آئندہ سال میں بھی اس کو پروگرام کا حصہ بنا دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ رقم اسمبلی بجٹ کا باقاعدہ حصہ بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گھر یلو تشددکے خلاف بل پر اسلامی نظریاتی کونسل کے تحفظات دور کئے جائیں۔ اس مسئلے کے تمام قانونی پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے اور ملکر ایسا بل تیار کیا جائے جو اسلامی تعلیمات کے متصادم نہ ہو۔ ہم بھر پور تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :