دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے میںہرشخص کو اپنا کرداراداکرنا ہوگا۔چوہدری عبدالغفور

جمعہ 16 دسمبر 2016 22:11

ملتان۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) دہشت گرد راتوں رات پیدا نہیں ہوتے ۔افراد کی مجرمانہ اور مشکوک حرکات کو نظر انداز کر کے معاشرہ دہشت گرد کے ناپاک عزائم کی تکمیل کرتا ہے۔ خاموش تماشائی بن کر ہمیں کسی نئے سانحے کا انتظار نہیں کرنا بلکہ دہشت گردی جیسے ناسور کو ختم کرنے میں اپنا کرداراداکرنا ہے۔ ان خیالات کااظہار ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری عبدالغفور نی16دسمبر یوم شہداء کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔

چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ایسے لمحات آتے ہیں جن میں نئی منزلوں کا تعین کیا جاتا ہے۔ 16دسمبر کا واقعہ ایسا دلخراش ہے جس کے بعد سرزمین پاکستان کے لئے نئی پالیسی مرتب کی گئی۔ہمیں بیرونی دشمن کے ساتھ ساتھ اندرونی دشمن کا بھی محاسبہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ہمیں اپنی فوج کے شانہ بشانہ چلناہے۔چیئرپرسن سوشل ویلفیئر افشین بٹ نے کہا کہ ہمیں صرف کسی سانحہ پرمتحد نہیں ہونا بلکہ ہر دن ہر وقت یہ پیغام دنیا تک پہچانا ہے کہ پاکستانی اپنے دشمنوں کو زیر کرنے کے لئے متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ شہید بچوں کے خاندان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں اور ساتھ ساتھ اس بات کا وعدہ کرتی ہیں کہ پاکستانی قوم کسی صورت اس واقعے کو فراموش نہیں کرپائے گی۔ڈسڑکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر نسرین جعفری نے کہا کہ ہمیں اپنی ذات سے شدت پسندی کا خاتمہ کرنا ہوگا تبھی ہم معاشرے میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔ہمارا مذہب ہمیں صبر اور بردباری کا سبق دیتا ہے۔

دنیا کا کوئی مذہب بھی بچوں پر ظلم اور ناحق قتل و غارت کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنے بچوں کی پرورش میں دین کی اصل روح پھونکنا ہوگی تبھی وہ شدت پسندی اور دہشت گردی بارے جان پائیں گے اور غلط لوگوں کا آلہ کار نہیں بنیں گے۔نسرین جعفری نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے واقعہ کے بعد بھی سکول میں بچوں کی مکمل حاضری نے ہم سب میں نہ صرف حوصلہ اورہمت پیدا کی بلکہ اقوام عالم کو یہ پیغام دیا کہ پاکستانی قوم کو کبھی کسی بھی طرح ہرایا نہیں جاسکتا۔سیمینار میں موجود شرکاء نے 16دسمبرکو قومی دن قرار دیا جانے کا مطالبہ بھی کیا۔بعدازاں سوشل ویلفیئر کمپلیکس سے ریلی نکالی گئی ۔