پشاور،انٹر پبلک سکولز رسہ کشی مقابلے اختتام پذیر ، اسلامیہ کالجیٹ سکول نے ٹرافی اپنے نام کرلی

جمعہ 16 دسمبر 2016 20:37

پشاور،انٹر پبلک سکولز رسہ کشی مقابلے اختتام پذیر ، اسلامیہ کالجیٹ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) انٹر پبلک سکولز رسہ کشی مقابلے اختتام پذیر ، اسلامیہ کالجیٹ سکول نے یونیورسٹی پبلک سکول کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو کے مقابلے تین پوائنٹس سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ۔اس موقع پر اسلامیہ کالجیٹ کے پرنسپل محمد طاہر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ وائس پرنسپل محمد حیات خان ، ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور منظر خان ، صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل تاج محمد خان ، عبدالخالق، ثناء الله،سبحان علی ، نیاز علی ، شریف مہمند ، اعجاز خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔

بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیراہتمام اور صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے تعاون سے انٹر پبلک سکولز رسہ کشی مقابلے گزشتہ روز اسلامیہ کالجیٹ گرائونڈ پر منعقد ہوئے جس میں بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ آٹھ سکولز نے حصہ لیا جن میں سٹی کالج شاہی باغ، آرمی پبلک سکول لنڈی کوتل، برین ڈگری کالج حیات آبادپشاور، ورسک ماڈل سکول پشاور، یو پی ایس، نیومسلم پبلک سکول، گلیکسی ماڈل سکول اور اسلامیہ کالجیٹ سکول پشاور ، چیمپئن شپ کا فائنل اسلامیہ کالجیٹ اور یونیورسٹی پبلک سکول کے مابین کھیلاگیا جس میں اسلامیہ کالجیٹ نے دو کے مقابلے تین پوائنٹس سے ٹرافی اپنے نام کرلی ، اس سے قبل سیمی فائنل میں اسلامیہ کالجیٹ نے سٹی کالج جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں یونیورسٹی پبلک سکول نے ورسک ماڈل سکول کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ میں سٹی کالج نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل تاج محمد خان نے کہا کہ صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن صوبے میں گراس روٹ لیول پر رسہ کشی کے فروغ کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہیں یہی وجہ ہے کہ اس سال زیادہ تر مقابلے سکولز و کالجز کی سطح پر منعقد کرائے گئے جس میں ڈائریکٹر یٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا اور ڈائریکٹر سپورٹس پشاور بورڈ منظر خان نے اہم رول ادا کیا ۔ آخر میں انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ رسہ کشی کھیل کے فروغ میں اہم رول ادا کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :