معصوم بچوں کو مارنے والے سفاک درندوں پرپاک دھرتی تنگ کردی گئی ہے ، آخری فتح پاکستان کی ہوگی،آرمی پبلک سکول کے بچو ں نے پرامن پاکستان کیلئے اپنے قیمتی لہو سے جو عظیم تاریخ لکھی ہے، اس پر قوم کو فخر ہے،فساد برپا کرنیوالی منفی قوتوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے عسکری و سیاسی قیادت متحدہے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی وفاقی وزیرمذہبی امورسردار محمد یوسف سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 16 دسمبر 2016 20:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعہ کو اسلام آباد میں وفاقی وزیرمذہبی امورسردار محمد یوسف نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میںپائیدار امن و استحکا م کیلئے مذہبی رواداری ، یگانگت اور اتحاد بین المسلمین کے جذبات کا فروغ ضروری ہے۔ فساد برپا کرنے والی منفی قوتوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے عسکری و سیاسی قیادت متحدہے۔

دہشت گردی اورانتہا پسندی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری قوم میں مثالی اتحاد واتفاق پیدا ہوچکا ہے ۔دہشت گرد نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام عالم کے مشترکہ دشمن ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معاشرے کے ہر طبقے کا کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

تحمل اور برداشت پر مبنی پاکستانی معاشرے کو پروان چڑھانا ہمارا مشن ہے۔پرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے اخوت،بھائی چارے اورتحمل و برداشت کے جذبات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب میں تعلیمی اداروں کے نصاب میں تحمل ،برداشت اور راواداری کے عنوانات پر مبنی مضامین متعارف کرائے گئے ہیں۔ انتہا پسندی کے رجحانات کاخاتمہ فروغ تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرا ر رکھنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔قانون سازی کے ذریعے فساد پھیلانے والوں سے قانون کے تحت سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 16دسمبر2014ء کا دن آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم شہداء کا دن ہے اورقوم کے بہادر بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کے باعث وطن عزیز کوآج امن نصیب ہواہے۔آرمی پبلک سکول کے بچوں نے محفوظ اورپرامن پاکستان کیلئے اپنے قیمتی لہو سے جو عظیم تاریخ لکھی ہے اس پر پوری قوم کو فخر ہے اورقوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔

معصوم بچوں کے بہنے والے خون سے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم متحدہوئی ہے اورپوری قوم کا مثالی اتحاد اوراتفاق سامنے آیاہے۔ معصوم بچوں کو مارنے والے سفاک درندوں پرپاک دھرتی تنگ کردی گئی ہے اوران درندوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی جس میں آخری فتح پاکستان کی ہوگی۔ اسلام امن و سلامتی اور اور فلاح کا دین ہے۔ اللہ تعالیٰ نے رسول پاکؐ کو پوری کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجااورآپؐ کی تعلیمات پر عمل پیراہوکرہی امن کاپیغام عام کیا جا سکتاہے۔

وزیراعلیٰ نے حج بیت اللہ کے موقع پر عازمین حج کو حجاز مقدس میں بہترین سہولیات فراہم کرنے پر وزارت مذہبی امور کی کارکردگی کو سراہا ۔ وفاقی وزیرمذہبی امورسردار محمد یوسف نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت فرقہ واریت ،انتہاء پسندی اوردہشت گردی میں ملوث عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی کررہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیںجبکہ پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بھی ضروری قانون سازی کر کے سزاؤں کو سخت کیاہے۔انہوںنے کہا کہ شرپسند عناصر کیخلاف کارروائی سے ہی داخلی امن و استحکام ممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :