Live Updates

سی پیک خطے سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور غربت میں کمی کیلئے ہم کردار ادا کریگا،شہباز شریف

باشعور عوام2018 میںبھی خدمت، دیانت اور شفافیت کی سیاست کو کامیاب کرائیں گے،مسترد شدہ سیاسی عناصر نے گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران افراتفری، منفی اور الزامات کی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں کیا، دھرناگروپ منفی سیاست کی بنا پر آج تنہا کھڑا ہے، شکست خوردہ عناصر کو فلاح عامہ کے منصوبوں کی تیز رفتار اور شفاف تکمیل پر تکلیف ہے، پیداوار، رفتار اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ 1320میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار بنے گا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی مسلم لیگ (ن)کے وفد سے گفتگو

جمعہ 16 دسمبر 2016 20:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے جو گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان کی تقدیر بدلے گی بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔ سی پیک کے تحت پورے پاکستان میںتیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں ۔

چین پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کر رہا ہے اور چین کی سرمایہ کاری 46 ارب ڈالر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس میں مزید سرمایہ کاری ہو گی۔ سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں اور پاکستان میں اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لا تعداد مواقع پیدا ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سی پیک خطے سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور غربت میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔وہ جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پاکستان بھر میں توانائی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔ ساہیوال میں زیرتعمیر 1320 میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل کر لیا جائے گا اور اس منصوبے سے اگلے برس کے اوائل میں بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 1320میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ عمومی طور پر چار سے پانچ سال میں مکمل ہوتے ہیں۔ دنیا میں آج تک اتنی تیز رفتاری سے اس طرح کے منصوبے پر کام نہیں ہوا جس طرح ساہیوال کول پاورپلانٹ پر ہو رہا ہے۔پیداوار، رفتار اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ یہ پراجیکٹ پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار بنے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہپاکستان کے عوام ترقی، خوشحالی اور امن چاہتے ہیں۔

انتشار، افراتفری اور دھرنے دینے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیںاوریہ سیاسی عناصر صرف ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔ان سیاسی عناصر نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بالائے طاق رکھ دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ دھرناگروپ آج اپنی منفی سیاست کی بنا پر سیاسی میدان میں تنہا کھڑا ہے۔عوام کی فلاح کے منصوبوں کی تیزرفتار اورشفاف تکمیل پر شکست خوردہ عناصر کو تکلیف ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک بھر میں توانائی سمیت ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے اوران منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور خوشحالی آئے گی۔ مسترد شدہ سیاسی عناصر نے گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران افراتفری، منفی اور الزامات کی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں کیااور یہ عناصر خائف ہیں کہ اگر توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے مکمل ہوگئے تو ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے والوں کو باشعور عوام نے پہلے بھی رد کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام2018 کے انتخابات میںبھی خدمت، دیانت، امانت اور شفافیت کی سیاست کو کامیاب کرائیں گے اور الزامات، جھوٹ اور انتشار کی سیاست کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات