ہڈیوں کے عارضے کا شکار ہوں ، حکومت بیرون ملک سے علاج کروائے،پونے آٹھ فٹ کے طویل القامت جسامت کے باوجود قد ابھی بڑھ رہا ہے

دنیا کے کم عمر طویل القامت شخص ملک حق نواز کی پریس کانفرنس

جمعہ 16 دسمبر 2016 19:47

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) دنیا کے کم عمر طویل القامت شخص ملک حق نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہڈیوں کے عارضے کا شکار ہیں ، حکومت بیرون ملک علاج کروائے اور مالی مدد کرے۔ملتان میں سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حق نواز نے کہا کہ پونے آٹھ فٹ کے طویل القامت جسامت کے باوجود قد ابھی بڑھ رہا ہے۔

لیکن اس کے ساتھ ہڈیاں ٹیڑھی ہو رہی ہیں جس کے باعث جسم لاغر ہو رہا ہے ۔ہڈیوں کے مڑنے کے عمل سے تشویش میں مبتلا ہوں ۔ میرا کپڑوں کا جوڑا 14 میٹر میں بنتا ہے۔ چوبیس گھنٹے میں تیس سے چالیس روٹی اور پانچ کلو دودھ میری غذا ہے ۔ ویگن اور بس میں نہیں بیٹھ سکتا ۔ اب ایک گلاس پانی بھی دونوں ہاتھوں سے پکڑ کر پیتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اگر اندرون ملک علاج ممکن نہ ہو تو بیرون ملک علاج کرایا جائے ،ملک حق نواز اعوان نے بتایا کہ میں اپنی صحت کے بارے پریشان رہتا ہوں ۔

میری عمر آٹھ سال تھی کہ میرے والد ملک نور محمد اعوان اللہ کو پیارے ہو گئے ۔ مسجد سے قرآن شریف کی تعلیم حاصل کی ہم پانچ بہن بھائی ہیں ۔ میں جہاں بھی جاتا ہوں پاکستان کا نام روشن کرتا ہوں اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتا ہوں ۔ مجھے بستی غریب آباد موضع بیلی خیر پور ٹامیوالی ضلع بہاولپور سے بہت محبت ہے ، اسی طرح مجھے اپنے وسیب اور اپنے ملتان سے محبت ہے ۔

میں اور کچھ نہیں مانگتا بس اتنا چاہتا ہوں کہ میرا علاج اور میرے لئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی تھوڑی سی توجہ سے میرا بڑا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر ملک حق نواز اعوان کو سرائیکی اجرک کا تحفہ اور کتابوں کے تحائف پیش کئے گئے ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ صفدر اعوان بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :