اے این ایف نے ساڑھے چھے کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی، 16 ملزمان گرفتار، 2 گاڑیاں ضبط

جمعہ 16 دسمبر 2016 19:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) اے این ایف نے 16 ملک گیر کاروائیوں کے دوران ساڑھے چھے کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 2 خواتین سمیت 16 ملزمان گرفتار کر لئے اور 2 گاڑیاں ضبط کر لیں۔تفصیلات کے مطابق اے این ایف راولپنڈی نے اٹک، بسال روڈ پر واقع سالار چوک کے قریب سے ایک مقامی منشیات فروش اوّل خان نامی ملزم کو گرفتارکر کے اسکے قبضے سے 5 کلو گرام چرس برآمد کر لی، جو ملزم کے سامان میں چھپی ہوئی تھی۔

اے این ایف پشاور نے پشاور، جی ٹی روڈ پر واقع حاجی کیمپ بس سٹینڈ کے قریب اکی ٹویوٹا کرولا کار کو تحویل میں لیکر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 25.2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔گاڑی میں سوار محمد عارف اور سعادت اقبال نامی 2 ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے پشاور کے رہائشی احسان اللہ نامی شخص کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ملزم کو موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب سے مسافر ویگن میں سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے 2 خواتین رضیہ پروین اور گلناز بی بی کو گرفتار کیاجن کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ملزمان کو موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب سے مسافر ویگن میں سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے حضرت علی اور نور سید کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 1.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ملزمان کو موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب سے مسافر ویگن میں سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔پانچویں کاروائی کے دوران پشاور ایئرپورٹ ٹیم نے پشاور ایئرپورٹ پر دیر کے رہائشی عمران خان نامی مسافر کو گرفتار کیا جس نے دوران پوچھ گچھ اپنے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا انکشاف کیا۔ بعد ازاں مذکورہ کیپسولوں سے 290 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

چھٹی کاروائی کے دوران پشاور ایئرپورٹ ٹیم نے پشاور ایئرپورٹ پر بذریعہ پی آئی اے پرواز نمبر PK-217 ابو ظہبی جانے والے ہنگو کے رہائشی مدثر رحمٰن نامی مسافر کو گرفتار کیا جس کے جوتوں سے 770 گرام چرس برآمد کی گئی۔اے این ایف لاہور ایئرپورٹ ٹیم نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر بذریعہ ایئر عریبیہ پرواز نمبر G9-544 سے سعودی عرب روانہ ہونے والے اسماعیل خان نامی ملزم کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 700 گرام ایمفیٹا مائن برآمد کی جو کہ اس کے بریف کیس میں چھپائی گئی تھی۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے قصور شہر میں واقع کچہری چوک کے قریب سے منشیات کی مقامی سطح پر فروخت ملوث 3 ملزمان محمد ریاض، عبد الغفور اور فہیم احمد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2.4 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی جبکہ ان کے زیر استعمال سوزوکی کیری اور ایک عدد موٹرسائیکل بھی قبضے میں لیا گیا۔ اے این ایف کراچی نے کراچی منگھو پیر کے محلہ مشکی پاڑہ میں کاروائی کرتے ہوئے ندیم نامی منشیات فروش کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 1.26 کلو گرام چرس برآمد کی۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے کراچی، کالا پُل ریلوے لائن کے قریب معصوم شاہ کالونی میں کاروائی کرتے ہوئے وقاص نامی مقامی منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 530 گرام چرس برآمد کی۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے کراچی حب ریور روڈ پرواقع سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب ایک آٹو رکشہ کو تحویل میں لیکر اس میں چھپائی گئی 8 کلوگرام چرس برآمد کر لی جبکہ چوہدری ہاشم نامی ملزم کو جو کہ رکشہ میں سوار تھا، کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانو میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے

متعلقہ عنوان :