عوام کی صحت اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘حکومت کی تمام پالیسیز اور منصوبوں کا واحد محور عوام کی خدمت ہے

وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طا ہر کاریسکیو 1122 سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 16 دسمبر 2016 19:38

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء)وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طا ہر نے کہا ہے کہ محمدنواز شریف کی قیادت میں اولین ترجیح عوام کی خدمت اور اُن کو تحفظ فراہم کر نا ہے ۔ انہوں نے یہ بات ضلع ننکانہ صاحب کی تحصیل شاہ کوٹ میں 1122 سروس کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میگا پروجیکٹس کے علاوہ عوام کی صحت و تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ ایک صحت مندا اورتعلیم یافتہ پاکستانی معاشرے کے خواب کو بھی حقیقت کی تعبیر دی جاسکے۔

انہوںنے کہا کہ عوام کی بہتر صحت کے ضمن میں حکومت نے وزیر اعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت صحت کارڈمتعارف کروائے ہیں جس کے تحت مستحق افراد کومعمولی نوعیت کی بیماری کی صورت میں سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے پچاس ہزار اور سنجیدہ نوعیت کی بیماری کی صورت میں 3 لاکھ روپے تک کا علاج کروا سکیں گے ۔

(جاری ہے)

یہی نہیں بیماری کی پیچیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ امداد6 لاکھ تک بھی کی جاسکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا یہ ایک قدم ، اس کی جانب سے عوام کی صحت سے متعلق سنجیدہ اقدام کی عکاسی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنش کا یہ پروگرام آزادکشمیر سمیت پورے پاکستان میں متعارف کرایا گیا ہے اور اس پروگرام کے تحت صرف بلوچستان کے 76 ہزار خاندان بھی مستفیدبھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری میگا پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ عوام کی صحت اور تحفظ سے متعلق یہ ایسے اقدامات ہیں جو مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو ماضی کی حکومتوں سے ممتاز کرتے ہیں انہوںنے کہا یہ صرف محمدنواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کا ہی خاصہ ہے کہ اس کی تمام پالیسیز اور منصوبے چاہے سڑکوں کی تعمیر ہو یا تعلیم وصحت کے اقدامات ہوں ان سب کا محور صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ اس کے برعکس عمران خان اور ان کی جماعت نے اپنی ہٹ دھرم اور دھرنا پالیسیز کے باعث خیبر پختونخواہ کی عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم کردیا ہے اور انہوںنے کہا کہ 2013 ء سے دھرنوں اور احتجاج میں مشغول تحریک انصاف خیبر پختونخواہ میں کوئی ایک بھی میگا پروجیکٹ شروع یا مکمل کرنے میں بالکل ناکام ہو گئی ہے اور تبدیلی کے دعوے داروں نے خیبر پختونخواہ کی عوام کی تمام اُمیدوں اور توقعات پر پانی پھیر دیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے عوام سیاسی طور پر انتہائی باشعور ہو چکے ہیں اور وہ محض زبانی دعوے پر یقین کرنے کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اپنے وعدوں کا پاس رکھنے کی وجہ سے محمدنواز شریف آج تورخم تا گوادر عوام کے ہر دل عزیز سیاسی رہنما بن چکے ہیں۔