ممتاز صحافی،شاعر وادیب اسلم کولسری کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

جمعہ 16 دسمبر 2016 18:27

اوکاڑہ۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء)ممتاز صحافی،شاعر،ادیب اور دانشور اسلم کولسری کی یاد میں اوکاڑہ سٹی پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس میںصحافتی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق روش ادبی تنظیم اوکاڑہ اور سٹی پریس کلب اوکاڑہ کے زیر اہتمام پریس کلب میں پاکستان کے ممتاز صحافی، شاعر ، ادیب ، دانشور اوردس سے زائد شعری کتب اور سدا بہار شاعر"شہر میں پڑھنے والے آکر بھول گئے، کس کی ماں نے کتنا زیور بیچا تھا" کے خالق اسلم کولسری کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس کی صدارت معروف شاعر رفیق کاشمیری نے کی ،اس موقع پر مہمان خصوصی مسعود احمد اوکاڑوی،فضل احمد خسرو،قمر حجازی اور سینئر صحافی اور ریجنل یونین آف جر نلسٹس پنجاب کے جنرل سیکرٹری عابد حسین مغل تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے اسلم کولسری کے فن اور شخصیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلم کولسری اوکاڑہ کی پہچان اور پاکستان کی شان تھے۔ انہوں نے کہا کہ کولسر گائوں جب اوکاڑہ فوجی چھائونی میں ضم ہو گیا تو اسلم نے کولسر کو اپنے نام کا حصہ بنا لیا ،مقررین نے کہا کہ اسلم کولسری کی شاعری حساس جذبوں کی عکاس اور ہر دکھی دل کی پکار ہے،انہوں نے فانی بدایونی کی طرح اپنے غم و اندوہ کونہایت سلیقے سے الفاظ کا عملی جامہ پہنایا۔ انہوں نے کہا کہ اسلم کولسری کی اچانک وفات نے اردو ادب میں ایک بڑا خلا پیدا کر دیا ہے جو صدیوں پر نہیں ہو سکتا، ادب میںاسلم کولسری درخشاں ستارے کی مانند ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔