آسٹریلیا کی پہلے ٹیسٹ میں گرفت مضبوط، کینگروز ٹیم پہلی اننگز میں 429 رنز پر آئوٹ، پاکستان پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار، 97 رنز پر 8 وکٹیں گر گئیں، گرین شرٹس کو فالو آن سے بچنے کیلئے 133 رنز اور کینگروز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 332 رنز درکار، پاکستان کے 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، سمتھ 130 اور ہینڈزکومب 105 رنز بنا کر نمایاں، وہاب اور عامر کی 4، 4 وکٹیں

جمعہ 16 دسمبر 2016 16:32

برسبین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) سٹیون سمتھ اور پیٹرہینڈز کومب کی شاندار سنچریوں کے بعد آسٹریلوی فاسٹ بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس کے سر پر فالو آن کا خطرہ منڈلا رہا ہے، پاکستان نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنا لئے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے 133 رنز اور کینگروز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 332 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 2 وکٹیں باقی ہیں، سرفراز احمد 31 اور محمدعامر 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، گرین شرٹس کی پہلی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور کوئی بلے باز کینگروز بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، مچل سٹارک اور جوش ہیزلووڈ نے 3، 3 جبکہ جیکسن برڈ نے 2 وکٹیں لیں، قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 429 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، سٹیون سمتھ 130 اور پیٹرہینڈزکومب 105 رنز بنا کر نمایاں رہے، وہاب ریاض اور محمدعامر نے 4، 4 اور یاسرشاہ نے 2 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو برسبین میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 288 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان سمتھ 110 اور ہینڈزکومب 64 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا، 323 کے مجموعی سکور پر وہاب ریاض نے سمتھ کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، سمتھ 130 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس کے بعد اگلے چار کھلاڑی زیادہ دیر تک عامر اور وہاب کی تندو تیز بائولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکے، نک میڈنسن ایک، میتھیوویڈ 7، مچل سٹارک 10 اور جوش ہیزلووڈ 8 رنز بنا کر چلتے بنے، 380 کے سکور پر آسٹریلیا کی نویں وکٹ گری جب ہینڈز کومب 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوئے، 429 کے سکور پر آسٹریلیا کی آخری وکٹ گری جب نیتھن لیون 29 رنز بنا کر یاسرشاہ کی گیند کا نشانہ بنے، جیکسن برڈ نے 19 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، وہاب ریاض اور محمدعامر نے 4، 4 جبکہ یاسرشاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور کوئی بھی بلے باز سٹارک، ہیزلووڈ اور برڈ کی تیز اور گھومتی ہوئی گیندوں کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو گرین شرٹس نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنا لئے تھے، پاکستان کو فالو آن سے بچنے کیلئے 133 رنز جبکہ کینگروز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 332 رنز درکار ہیں، سرفراز احمد 31 اور محمدعامر 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سمیع اسلم 22، اظہرعلی 5، بابراعظم 19، یونس خان صفر، کپتان مصباح الحق 4 ، اسدشفیق 2، وہاب ریاض اور یاسرشاہ ایک، ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، سٹارک اور ہیزلووڈ نے 3، 3 جبکہ برڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :