وزیراعلی خیبر پختونخوا کاکوہاٹ کے علاقے گمبٹ کو تحصیل کا درجہ دینے کیلئے کیس تیار کرنے کا حکم

جمعرات 15 دسمبر 2016 23:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2016ء)وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کوہاٹ کے علاقے گمبٹ کو تحصیل کا درجہ دینے کیلئے کیس تیار کرنے کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے کوہاٹ گیریژن کالج میں لوڈ شیدنگ کے حوالے سے واپڈا حکام کو ہدایت کی ہے کہ کالج کی بجلی لائن کو مین لائن سے منسلک کرکے اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔وزیراعلی نے گیریژن کالج میں آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے بھی محکمہ تعلیم کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

وہ وزیراعلی ہائوس پشاور میں ضلع کوہاٹ سے متعلق بڑے ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز کے اجراء، انجینئرنگ یونیورسٹی کوہاٹ سے متعلقہ مسائل اور کوہاٹ کی خوبصورتی کیلئے مجوزہ پلان سے متعلق ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ایم این اے شہریار آفریدی،وزیرقانون امتیاز شاہد قریشی، ایم پی اے ضیا اللہ بنگش،ایس ایم بی آر ،انتظامی سیکرٹریز ،کمشنر و ڈپٹی کمشنر کوہاٹ، وی سی انجینئر نگ یونیورسٹی، ایم ڈی ،جی ایم ایس این جی پی ایل،ایم ڈی پختونخوا ہائی وے اتھارٹی، سٹیشن کمانڈر کوہاٹ، ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہا کہ صوبے کے مختلف شہروں کی خوبصورتی اور سڑکوں کی توسیع کیلئے ڈویژنل سطح پر فنڈ زفراہم کر دیئے ہیں۔مزید برآں مقامی حکومتوں کو بھی 35ارب روپے منتقل کئے ہیں۔ یہ اب ناظمین اور لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ شہروں کی خوبصورتی کیلئے ان فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وسائل کا ضیاع ختم کر دیا گیا ہے اب فنڈز صرف اور صرف ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔

وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت کوہاٹ کنٹونمنٹ ایریا سے گزرنے والے کوہاٹ بنوں روڈ کو دوریہ کرنے کیلئے ضروری فنڈز فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو خطیر رقم منتقل کرنے سے صوبائی سطح پر ترقیاتی عمل پر لامحالہ بوجھ پڑیگا تاہم حکومت نے غیر ضروری اخراجات کم کرکے ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے ضرورت کی بنیاد پر ترجیحاتی پلان تشکیل دیا ہے تاکہ اس بوجھ کو کم سے کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ فلائی اوور پر بھی کام جاری ہے۔ کوہاٹ میں واٹر چینل کے حوالے سے وزیراعلی نے ہدایت کی کہ اس کیلئے تخمینہ لاگت تیار کیا جائے اور اسے خوبصورتی پلان سے منسلک کیا جائے۔انہوں نے کوہاٹ میں تفریحی مقامات ،شجرکاری،کوہاٹ کے نکاسی آب کے مسئلے کے حل کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے رائلٹی کے حوالے سے کہا کہ جن علاقوں میں گیس دریافت ہوگی ان علاقوں کے پانچ کلومیٹر کے اردگرد واقع آبادی کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جن منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کرتے ہیں ان کا افتتاح کرنا بھی ہمارا حق ہے۔وفاق فنڈ زفراہم کرے اوربخوشی افتتاح کرتے رہیں۔ انہوں نے سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو بھی ہدایت کی کہ وہ خود بھی ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں۔ انجینئرنگ یونیورسٹی کوہاٹ کی پاکستان انجینئر نگ کونسل کے ساتھ الحاق کے مسئلے کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کو ہدایت کی کہ وہ وزیر قانون ، ایم پی اے کوہاٹ اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے ہمراہ اس مسئلے کے حل کیلئے اسلام آباد میں یہ مسئلہ متعلقہ فورم کے ساتھ اٹھائیں اور اس کا فوری حل نکالیں۔