ڈی سی ا و آفس کی مسجد میں میلادِ مصطفیٰ ﷺکی محفل کا انعقاد

جمعرات 15 دسمبر 2016 20:32

لاہور۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2016ء)ماہ ربیع الاوّل اور ولا دتِ نبی ﷺ کی مناسبت سے ڈی سی ا و آفس لاہور کی مسجد میں میلادِ مصطفیٰ ﷺکی محفل کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا جس میں ڈی سی او آفس کے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی محفل میں مفتی انتخاب نعیمی،سید صابر،فیضانِ رسول،قاری بشیر احمد،قاری عالم شیر،امیر علی اور نعت خواں حضرات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

میلا دِ مصطفیٰ ﷺ کی اس محفل میں نعت خواں حضرات نے نبی آخر الزمان،رحمتِ دو عالم سرور کو نین سے والہانہ عقیدت اور اُن کی شان بیان کی،اس موقع پر مفتی انتخاب نعیمی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ نبی مکرم ﷺ کی تشریف آوری سے معاشرہ میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوئیں اور جہالت کے اندھیرے ہمیشہ کے لیے ختم ہو گئے، انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ اپنے بڑوں سے ادب، چھوٹوں سے شفقت،بے سہاروں کی مدد،یتیموں سے ہمدردی اور لو گوں کے لیے آسانیاں پیدا کر نے کا درس دیتا ہے،انہوں نے شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرہ سے عدم برداشت،فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے یکجا ہو کر چھٹکارہ حاصل کر نا ہے۔محفل کے آخر میں خصوصی طور پر دعا کروائی گئی۔