پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کا اسمبلی سیشن میں تماشہ کیوجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہو ئی ہے،تحریک انصاف نوجوان نسل کو بے راہ روی کی طرف لے جا رہی ہے

ْصوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمدخان کی ملتان میں لیگی رہنمائوں کے وفود سے ملاقات ،گفتگو

جمعرات 15 دسمبر 2016 18:06

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمدخان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کا اسمبلی سیشن میں تماشہ کیوجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہو ئی ہے اور کبھی دھرنوں، مظاہروں میں قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں اور نوجوان نسل کو بے راہ روی کی طرف لے جا رہے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کر رہی ہے اور وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کے دور کی طرف لے جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار (ن) لیگ یوتھ ونگ سٹی کے سینئر نائب صدر چوہدری آصف انصاری سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ رانا مشہود احمد نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم و صحت کے میدان میں عملی طور پر ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے لیکن عمران خان اور پی ٹی آئی نہ جانے کس کے اشارے پر جمہوریت کو کمزور کررہے ہیں لیکن (ن) لیگ جمہوریت کو کسی صورت غیر مستحکم نہیں ہو نے دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب جلد ملتان آئیں گے اور میٹرو بس منصوبہ کا باقائدہ طور پر افتتاح کریں گے اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے مزید میگا پراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ ونگ پارٹی کا ہر اول دستہ ہے جس پر پارٹی قیادت کو فخر ہے پڑھے لکھے نوجوان کارکنوں کی ترجیح بنیادوں پر حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔