پاکستان اور سویڈن کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے دونوں ملکوںکے درمیان موجودہ کاروباری اور پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی سویڈن کی سفیر انگرڈ جانسن سے گفتگو

بدھ 14 دسمبر 2016 23:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سویڈن کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے دونوں ملکوںکے درمیان موجودہ کاروباری اور پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سویڈن کی سفیر انگرڈ جانسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کے روز ان سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔

چیئرمین سینیٹ نے سفیر کو سویڈن کے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا ممبر بننے پر مبارکباد اور امید ظاہر کی کہ سویڈن کونسل کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاںرکوانے اور بین الاقوامی قانون پر عملدرآمد کیلئے اپناکردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی سفیر کو آگاہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطین اور کشمیر میں ہونے والے مظالم اور ان دیرنہ مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے سویڈن کا کردار قابل ستائش رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں سویڈن کی نمائندگی ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی ماند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کی جانب سے پاکستان میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بزنس کونسل کے قیام کا منصوبہ قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن وا مان کے حالات بہتر ہونے کی وجہ سے کاروباری ،تجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع بہتر ہوئے ہیں ۔ سویڈن اور دنیا کے دیگر ممالک سرمایہ کار پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں میں سرمایہ کاری کریں تو زیادہ فائدہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :