ایک بار پھر کرپٹ مافیا کے سر اٹھانے کی شکایات مل رہی ہیں ، بھرپور کارروائی کی جائیگی،جعفر خان مندوخیل

بدھ 14 دسمبر 2016 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیر ریونیو اور ٹرانسپورٹ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہم نے محکمہ ریونیو میں انقلابی اصلاحات کرتے ہوئے حکومت اور عوام دونوں کے مفاد میں زمینوں کے ریٹ فکس کر کے ٹیبل ریٹ کا نظام نافذ کیا تھا. جس سے پٹوار راج کا ایک زمانے سے قائم اجارہ داری اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگیا تھامگر اب ہمیںعوامی شکایات مل رہی ہیں کہ ایک بار پھر کرپٹ مافیا نے سر اٹھا لیا ہے اور ہمیں ان کیخلاف بھر پور کارروائی کرنی ہوگی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جعفر خان مندوخیل نے سنیئرایم بی آر کو ہدایت کی کہ وہ کوئٹہ تحصیل میں ان کرپٹ عناصر کیخلاف ایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ پیش کریں اور جو بھی اہلکاراس کارروائی میں ملوث ہوں انہیں کوئٹہ تحصیل سے فی الفور ہٹا دیا جائے۔

(جاری ہے)

جعفر مندوخیل نے کہا کہ سنیئر ایم بی آر اس بات کو سو فی صد یقینی بنائیں کہ جو ٹیبل ریٹ فکس ہے اسی کے مطابق لوگوں زمینوں کی فیس وصول کی جائے،کسی قیمت پر پرانے کرپٹ ترین نظام کو سر اٹھانے نہیں دینگے، ا نہوں نے کہا کہ عوام کو تنگ کیا جانا ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے کرپٹ عناصر کرپشن اور غیر قانونی دھندے سے باز آجائیں ورنہ ان کیخلاف کارروائی کر کے ان کو انجام تک پہنچا دینگے۔