جامعہ سندھ جام شورو میں ’’سیلف اسیسمنٹ پراسیجر‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

بدھ 14 دسمبر 2016 23:10

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) جامعہ سندھ جام شورو کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی جانب سے متعارف کروائے گئے ’’کوالٹی اشورنس سسٹم‘‘ والے عمل کو ایک قدم آگے لے جاتے ہوئے ’’سیلف اسیسمنٹ پراسیجر‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کے اہم مقاصد جامعہ کے ہر شعبے میں مقرر کردہ کوالٹی کو آرڈینیٹرز کو نئے متعقارف کرائے گئے نظام کو مؤثر و کارآمد طریقے سے چلانے کے لیے مکمل معلومات اور مطلوبہ تربیت بھی تھا۔

تفصیلات کے مطابق اس وقت پوری دنیا میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جاری نصابی پروگرام کے اثرات کے بارے میں معلومات، تحقیق کرنا اور ان کے مؤثر یا غیر مؤثر ہونے کے حوالے سے مطالعے پر بہت زیادہ زور دیا جا رہا ہے اس عالمی منظرنامے کی ضروریات و افادیت کو نظر میں رکھتے ہوئے، جامعہ سندھ کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی تجویز پر جامعہ سندھ میں یہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے علاوہ ازیں دنیا میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی کارکردگی و قابلیت کی قومی و عالمی معیار کو جانچنے والے اداروں کی جانب سے منظوری کو بھی ضروری سمجھا جا رہا ہے اس تناظر میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے بھی اس ضمن میں ملک کی تمام سرکاری جامعات اور اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے والے اداری کی جانب سے آفر کیے گئے پروگرامز کی سائنسی بنیادوں پر چھان بین، ان کی جدید ضروریات کے عین مطابق ہونے اور ان کے پڑھنے اور پڑھانے کے عمل کے مؤثر یا غیر مؤثر ہونے کے متعلق ’’سیلف اسیسمنٹ پراسیجر‘‘ پروجیکٹ کو متعارف کروایا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں جامعہ سندھ پاکستان کے ان چندتعلیمی اداروں میں سے ہے، جس نے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے اس پروجیکٹ کی فوائد کو محسوس کرتے ہوئے اس پر فوری طور پر عمل پیرا ہوا ہے۔ یہ سیمینار بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ ملک کی وہ واحد جامعہ ہے، جس میں آن لائن کوالٹی اشورنس سسٹم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے ذریعے جامعہ میں ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں جامعہ کے طلباء اور جامعہ کے امور میں دلچسپی رکھنے والے دوسرے افراد کو بروقت معلومات حاصل ہو سکے گی ڈاکٹر کلہوڑو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس نئے متعارف کیے گئے سسٹم کے تحت پوری جامعہ کے ریکارڈ کا ڈیٹا بھی جامعہ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپلوڈ ہو سکے گا، جس کے نتیجے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جامعہ کی گرانٹ میں 10 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے اس موقع پر انہوں تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شعبوں میں ہونے مختلف کانفرنسز، تحقیقی مقالے، پروگرامز، استاتذہ، طلباء و ملازمین سے متعلقہ ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لیے ان کا ڈیٹا نئے متعارف کرائے گئے سسٹم کے تحت جلد از جلد کوالٹی انہانسمنٹ سیل کو ارسال کریں تاکہ ان کو جلد ہی اپلوڈ کیا جا سکے۔

ڈاکٹر کلہوڑو نے آن لائن سسٹم متعارف کروانے پر کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد میمن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ نے آن لائن فارم جمع کروانے کے سسٹم کے بعد دوسرا آن لائن سسٹم متعارف کروایا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سسٹم سے جامعہ کی فنڈنگ میں اضافہ ہوگا اور آئندہ سال تک جامعہ سندھ کی رینکنگ پانچویں نمبر پر آجائے گی اس موقع پر کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد میمن نے نئے متعارف کروائے گئے سیلف اسیسمنٹ پراسیجر پروجیکٹ کے حوالے سے جامعہ سندھ کے تمام شعبوں کے کوالٹی کو آرڈینیٹرز کو مطلوبہ تربیت دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے جلد ہی جامعہ سندھ کو اپنی نصابی، ہم نصابی و غیر نصابی کارکردگی کی خود نقاد بن کر اپنی کی گئی غلطیوں سے سیکھنے، اُن کے ذریعے اپنی کارکردگی بہتر کرنے اور اسی طرح ملک کی دیگر یونیورسٹیز کے ساتھ مدمقابل ہو کر اپنا جائز اعلیٰ مقام حاصل کرنے میں مدد ملے گی ڈاکٹر میمن نے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو اور سیمینار میں موجود جامعہ سندھ کے مختلف کیمسپز کے پرو وائس چانسلرز، مختلف فیکلٹیز کے ڈین صاحبان اور تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :