․سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رہتاہی ،آئو ہم سب مل کر یونیورسٹی کی بہتری اور خوشحالی کے لئے کام کریں، وائس چانسلر مہران یونیورسٹی

بدھ 14 دسمبر 2016 23:10

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رہتاہے اور اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ میں سب کچھ سیکھ گیا ہوں تو سمجھو وہ مر گیا ․ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں ٹرانسپورٹ سیکشن کے عملے کی تین روزہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے اداروں اور ان کے اثاثوں کو اپنا بنائو اور اپنے گھر کی طرح دیکھ بھال کرو ․ انہوں نے کہا کہ مہران یوینورسٹی جیساخوبصورت ، صاف ستھرا اور سرسبز شاداب ٹرانسپورٹ سیکشن دیگر جامعات میں نظر نہیں آئیگا اور یہ ٹرانسپورٹ عملے کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے انہوں نے کہا کہ آنے والے چند ماہ میں یونیورسٹی کی حفاظتی دیوار مکمل ہو جائیگی اس کا 75فیصد کام مکمل ہوچکا ہے یہ ہدف ہم نے ملازمین کے تعاون سے ہی حاصل کیا ہے مہران یونیورسٹی ایک کنبہ ہے اور ہر ملازم کنبے کے فرد کی طرح ہے آئو ہم سب مل کر یونیورسٹی کی بہتری اور خوشحالی کے لئے کام کریں ڈائریکٹر فنانس منیر احمد شیخ اور ٹرانسپورٹ سیکشن کے انچارج اور پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر قاضی ریاض نے کہا کہ امید ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے منعقد کئے گئے تربیتی ورکشاپ سے ٹرانسپورٹ سیکشن کے عملے نے حفاظتی اقدامات اور فنی مہارتوں سے بہت کچھ سیکھا ہوگا اور وہ اس پر عمل کرنے کی کوشش بھی کریں گے اس موقع پر وائس چانسلر نے تربیتی ورکشاپ میں حصہ لینے والے ٹرانسپورٹ سیکشن کے عملے میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔