وزیر اعلیٰ کے احکامات‘ کوتوالی تھانے کے سامنے روڈ 10 سال بعد کھول دیا گیا

امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث مذکورہ روڈ کو آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا تھا ‘ عوام کو مشکلات کا سامنا رہا وزیر اعلیٰ نے دورہ کوتوالی تھانے کے موقع پر شوکت یوسفزئی کی جانب سے توجہ دلانے پر رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا تھا

بدھ 14 دسمبر 2016 22:56

وزیر اعلیٰ کے احکامات‘ کوتوالی تھانے کے سامنے روڈ 10 سال بعد کھول دیا ..

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ صوبہ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی ہدایت پر کوتوالی پولیس سٹیشن سے متصل روڈ کو 10 سال بعد عوام کی آمد و رفت کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا جس پر عوام نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پی ٹی آئی حکومت کا نارنامہ اور رکن اسمبلی شوکت یوسفزئی کا احسن اقدام قرار دیدیا ہے ‘تفصیلات کے مطابق کوتوالی پولیس سٹیشن کے مین گیٹ کے سامنے روڈ کو دس سال قبل امن وامان کی بدترین صورتحال کے پیش نظر آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیاتھا اور پولیس نے بیرئیر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے اسے صرف پولیس سٹیشن کی آمد و رفت کیلئے مختص کر دیا تھا جس کی وجہ سے اس سڑک پر واقع مکانات کے رہائشیوں کو آمد ورفت کے سلسلے میں شدید مشکلات کاسامنا تھا اور خاص طور پر گذشتہ تین سالوں سے امن وامان کی صورتحال میں واضح بہتری آنے کے باعث مقامی لوگوں کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا تھا کہ سڑک کو عام لوگوں کی آمد و رفت کیلئے کھول دیا جائے تا ہم پولیس کی جانب سے اس مسئلے کو عرصے سے سردخانے میں ڈالا گیا تھا گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ایک ملزم کو غیر قانونی طور پر حوالات میں رکھنے کی اطلاع پر رکن اسمبلی شوکت یوسفزئی کے ہمراہ تھانہ کوتوالی پہنچنے تو واپسی پر ان کی توجہ مذکورہ سڑک کی جانب مبذول کرائی گئی جو دس سال سے ٹریفک کیلئے بند تھا جس پر وزیر اعلیٰ نے اسی وقت ہدایات جاری کر دئیے اور کہا کہ فی الفور اس شاہراہ کو عام لوگوں کی آمدو رفت کیلئے کھول دیا جائے ‘ وزیر اعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں کل منگل کی صبح روڈ پر سے بیرئیر اور تمام رکاوٹیں ہٹا کر اسے آمد و رفت کیلئے کھول دیا گیا جس پر علاقے کے مکینوں نے خوشی کا اظہار کیا اور اسے صوبائی حکومت کا احسن اقدام قرار دیا سڑک کی بندش سے نہ صرف لوگوں کو آنے جانے میں مسئلہ تھا بلکہ روڈ پر واقع پراپرٹی کی قیمتیں بھی ڈی ویلیو ہو گئی تھیں اور کسی کووہاں تعمیر کی اجازت بھی نہیں تھی۔

متعلقہ عنوان :