صرف محمد رسول ؐ کی ذات ہی ایک مکمل نمونہ ہے۔وائس چانسلرڈاکٹرطاہرامین

بدھ 14 دسمبر 2016 22:42

ملتان۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء)اس وقت دنیا میں کئی ورلڈ آرڈر چل رہے ہیں تاہم سب میں ایک بات مشترک ہے کہ ان آرڈرکے لیڈرز کا دامن ان اعلی خصوصیات سے خالی ہے جو ایک دیرپا، پرامن اور مکمل انقلاب کا پیش خیمہ ہوتے ہیں ․ دنیا کو پر امن انقلاب اور اعلی ترین ورلڈ آرڈر سے اس دور میں اگر متعارف کروایا جاسکتا ہے تو اس کے لیے صرف محمد رسول ؐ کی ذات ایک مکمل نمونہ ہی․ جو انفرادی اور اجتماعی طور پر ایسے اوصاف سے متصف تھے جو دنیا میں قیادت سازی کی ایک بہترین تربیت گاہ تھی․ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین وائس چانسلر بہا ء الدین زکریایونیورسٹی ملتان نے کیا, وہ یہاں شعبہ علوم اسلامیہ اور سیرت چیئر کے زیراہتمام بین الاقوامی سیرت کانفرنس سے خطاب کررہے تھی․انہوں نے کہاکہ موجودہ دگرگوں حالات میں مسلمان رہنمائوں کے لیے بھی اسوہ حسنہ سے امید کی روشنیاں پھوٹتی ہیں ․ سیرت کانفرنس سے عالم اسلام کے معروف محقق اور سیرت نگار، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی انڈیا کے مایہ ناز پروفیسر ڈاکٹر محمد یسین مظہر صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان معاشروں میں برپا تکفیر اور قتل و غارت گری کی وبا کا علاج اسوہ حسنہ رسولؐ میں سے صبر و تحمل اور برداشت و بردباری کی خصوصیات پر عمل کرکے کیا جاسکتا ہے ․ انہوں نے کہاکہ حضورؐنے انتہائی نامساعد حالات میں بھی صبر و تحمل اور برداشت کا دامن ہرگز ہرگز ہاتھ سے نہ چھوڑا اور نہ اپنے ساتھیوں کو چھوڑنے دیا․ دوسری طرف آپ نے اپنے اقتدار کے عروج کے ایام میں بھی رواداری و برداشت کے انمٹ نقوش اور بے مثال اعلی قدریں ہمارے لیے چھوڑی ہیں جن پر عمل کرکے آج امت کو اس گرداب سے نکالا جاسکتا ہے ․ کانفرنس سے اسلامیہ کالج پشاور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور ایچ ای سی سیرت چیئر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایاز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج بھی ایمان ، عمل ، صبر اور حق کی تلقین کے نبوی ہتھیار لے کر رب کعبہ کی بے ریا بندگی کو بجالاتے ہوئے بھوک اور پیاس یعنی مسلمانوں کی معاشی تنگی اور سیاسی بے بسی کا علاج کیاجاسکتا ہے ․ وہ باالخصوص قرآن کی سورہ عصر اور سورہ قریش کی روشنی میں گفت گو کررہے تھی․ شیخ زائد اسلامک سنٹر پشاور یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان حکمرانوں کے لیے عزت و غیرت کا راستہ سنت نبوی اور سیرت نبوی سے ہو کر گزرتا ہی․ کانفرنس سے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے استاد علی طارق ، کراچی سے دعوہ اکیڈمی کے ریجنل ہیڈ سید عزیزالرحمن اور صاحبزادہ عزیر محمود الازہری نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ چیئر مین شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے شرکاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حالات میں سیرت رسولؐ کی روشنی میں قیادت سازی کی ضرورت و اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہم آج علم، عدل و انصاف ، اخوت و مساوات کی تعلیمات کو اپنا کر معاشرے کو ایک بہترین قیادت دے سکتے ہیں ۔․جناح آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں اساتذہ و طلباء ، خواتین یونیورسٹی و مقامی کالجز کے اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔