عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔ڈی پی او خانیوال

بدھ 14 دسمبر 2016 22:42

خانیوال۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کرکے ضلع کا امن برقرار رکھا جائیگا ‘عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پولیس خانیوال نے ماہ نومبر میں قتل ‘اقدام قتل ‘ڈکیتی ‘سرقہ بالجبرجیسے سنگین مقدمات سمیت دیگر جرائم میں ملوث 692مجرمان اشتہاریوں کو گرفتار کیا ۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہانزیب نذیر خان نے گذشتہ روز صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوں نے کہاکہ قیام امن اور عوام کے جان ومال کا تحفظ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے جب میںنے بطور ڈی پی او خانیوال چارج سنبھالا تو اپنی حکمت عملی سے جرائم کے خاتمہ کو اولین ترجیح دی اور یہی وجہ ہے کہ عوام کے جان ومال کے دشمن خطرناک ڈکیتوں کو اپنے منطقی انجام تک پہنچایا اس سے نہ صرف شہری محفوظ ہوئے بلکہ جرائم کی شرح کافی حد تک کم ہوگئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف سخت کریک ڈائو ن کیا گیا جبکہ کریمنل گینگ کے متحرک ارکان کو بھی گرفتار کرکے ان سے لوٹا گیا مال مسروقہ برآمد کرکے شہریوں کے حوالہ کیا گیا ۔ڈی پی او نے کہاکہ خانیوال پولیس ایک عزم کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف برسر پیکا ر ہے اور بلا تفریق ان کے خاتمہ کیلئے اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے ۔

ڈی پی او بتایاکہ تھانہ لیول پر عوام کے ساتھ پولیس کا رویہ بہتر بنا دیا گیا ہے اور پولیس اہلکارران کو سختی سے تنبیہہ کی گئی ہے کہ وہ سائلین کے ساتھ عزت اور احترام سے پیش آئیں اور ان کی عزت نفس کو ہرگز مجروح نہ کیا جائے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ماہ نومبر کے دورا ن ڈسٹرکٹ پولیس خانیوال نے قتل ‘اقدام قتل ‘ڈکیتی ‘سرقہ بالجبر سمیت دیگر جرائم میں ملوث 692مجرمان اشتہاری گرفتارکیے جبکہ اس دوران 323عدالتی مفرور بھی قانونی گرفت میں لیے گئے ۔انہوں نے کہاکہ قیام امن پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کروں گا کیونکہ قیام امن سے ہی معاشرہ ترقی کی منازل طے کرتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :