قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے پانامہ لیکس کے معاملہ پر وزیر اعظم کے خطاب میں مبینہ غلط بیانی پر پیش کی گئی الگ الگ تحاریک استحقاق کا معاملہ ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھانے کا فیصلہ اعلیٰ سطح پر مشاورت کے بعد کیا گیا

حکومتی فیصلے سے سپیکر ایاز صادق اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو آگاہ کر دیا گیا تھا

بدھ 14 دسمبر 2016 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی طرف سے پانامہ لیکس کے معاملہ پر وزیر اعظم نواز شریف کے خطاب میں مبینہ غلط بیانی پر پیش کی گئی الگ الگ تحاریک استحقاق کا معاملہ ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھانے کا فیصلہ اعلیٰ سطح پر مشاورت کے بعد کیا گیا او راس ضمن میں حکومتی فیصلے سے سپیکر ایاز صادق اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔

جس کے بعد سپیکر کی اجازت سے وقفہ سوالات کے بعد ایوان کی کارروائی کو سرکاری ٹی وی کے ذریعے تمام ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات اور سپیکر سردار ایاز صادق کے حکام کے درمیان اس بات پر تفصیلی مشاورت ہوتی رہی کہ قومی اسمبلی کی آج کی کارر وائی ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھائی جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایک اہم حکومتی شخصیت جو میڈیا کے معاملات کو ہینڈل کرتی ہے اس نے بھی بعض اہم شخصیات سے مشاورت کی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ٹی وی کے ذریعے پانامہ لیکس پر حکومت اور اپوزیشن کی تقاریر براہ راست دکھائی جائیں جس پر اس فیصلے سے سپیکر ایاز صادق کو بھی آگاہ کیا گیا جس پر سپیکر نے پی ٹی وی کو ایوان کی کارروائی براہ راست دکھانے کی باضابطہ اجازت دی۔

تاہم ایوان میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی تقریر کے بعد جب وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے جواب دینا چاہا تو تحریک انصاف کے ارکان نے سپیکر کے ڈائس کے آگے شدید احتجاج کیا اور یہ کارروائی بھی احتجاج بھی ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھایا گیا۔ …(رانا+ط س)