حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عمل کر کے مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا جامع مسجد حسین آباد میں سیرت کانفرنس سے خطاب

بدھ 14 دسمبر 2016 22:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عمل کر کے مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں، اسوہ نبیؐ کی ترویج اور اہل بیت و صحابہ کرام کی تعلیمات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو متحدہ اسلامی کمیٹی کے زیر اہتمام اسلام آباد کے نواحی علاقہ چھتر کی جامع مسجد حسین آباد میں منعقدہ سالانہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال حضرت امام زین العابدین کی 14 سو سالہ تقریبات کیلئے خصوصی کمیٹی سے مشاورت کے بعد تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر ممتاز سکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ نے آنحضورؐ کے پیغام انسانیت کے ذریعے تبلیغ اسلام کا فریضہ سرانجام دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایران کے ثقافتی قونصلر آقائے شہاب الدین داری نے کہا کہ سیرت پاک کی تعلیمات کو فروغ دینے سے ایران اور پاکستان سمیت عالم اسلام کے آپس میں تعلقات زیادہ مضبوط ہونگے۔

کانفرنس سے علامہ عبدالخالق الاظہری، سید مطیع الحسنین شیرازی، علامہ حسنین گردیزی، علامہ عظمت علی سلطان، علامہ یاسر علی، علامہ سلیم حیدر اور دیگر سکالرز نے اسوہ نبیؐ پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر شہدائے حویلیاں کیلئے دعائے مغفرت اور ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں ایک قرارداد کے ذریعے ملک کے تمام سجادہ نشینوں، علماء و مشائخ، وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں سے اپیل کی گئی کہ حضرت امام زین العابدین کی 14 سو سالہ تقریبات کیلئے خصوصی پروگرام مرتب کئے جائیں۔