عوامی تحریک یوتھ ونگ کے ضرب امن کارواں کا اسلام آباد پہنچنے پر شاندار استقبال

دہشت گردی ،انتہا پسندی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے، نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا ،مظہر علوی

بدھ 14 دسمبر 2016 21:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی ،سیکرٹری جنرل منصور قاسم نے کہا ہے کہ آج پاکستان مختلف بحرانوں کا شکار ہے ملک بچانے کیلئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔جمہوری قوم کو فکری اور نظریاتی غلامی سے باہر نکالنا ہو گا۔پاکستانی قوم فکری طور پر کمزور کیا جارہا ہے۔

دہشتگردی ،انتہا پسندی اور حکمرانوں کی کرپشن پھیلتی جارہی ہے۔آج غلط کو غلط کہنے کی ضرورت ہے۔آنکھیں بند کرنے سے کچھ نہیں ہو گا ملک بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے نوجوان قوم کے سوئے ہوئے احساس کو بیدار کررہے ہیں،ان خیالات کااظہار انہوںنے اسلام آباد پریس کلب کے باہر خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر عوامی تحریک یوتھ ونگ کے جاوید قریشی ،سلیم رشید عالم،میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان،صدیق بٹ،اویس خلیل، ملک شبیر و دیگر نے پر کارواں کاپرتپاک استقبال کیا،انہوںنے کہا کہ 20 نومبر کو مزار قائد کراچی سے چلنے والا عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواںاسلام آباد پہنچ چکاہے، پریس کلب اسلام آباد کے سامنے خطاب کرتے ہوئے یوتھ ونگ کے رہنمائوں نے کہا کہ ضرب امن کارواں ڈاکٹر طاہر القادری کی دعائوں سے مزار قائد سے شروع ہوا،پچاس سے زائد شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچا ، ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں آج اپنی اگلی منزل راولپنڈی اور پھراے پی ایس پشاور کی جانب روانہ ہو گا۔

(جاری ہے)

کاروان ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول پہنچے گا جہاں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے طلباء،اساتذہ اور معصوم پاکستانی شہریوں سے اظہار یکجہتی کرے گا اور دنیا کو امن ،محبت کا پیغام دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک عوام کو غلامی سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ اس جدوجہد میں عوام کو شریک کرنے کیلئے نوجوان شہر شہر جارہے ہیں۔

حقیقی عوامی قیادت کو آگے لانے کیلئے ہرفرد اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور قیادت 3فیصد سے چھین کر 97فیصد کو منتقل کی جائے۔اسی سے پاکستان حقیقی،اسلامی اور جمہوری بنے گا۔نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مظہر علوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری قوم کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہو گاتاکہ پاکستانیوں کی خوشحالی اور عزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔

معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کر کے استقامت سے عوام کو اقتدار واپس منتقل کرنا ہو گا۔سیکرٹری جنرل عوامی تحریک یوتھ ونگ منصور قاسم نے کہا کہ امانتیں اصل افراد کو سپرد کرنے کا حساس جس دن عوام میں آگیا ملک میں معاشی اور سیاسی انقلاب آ جائے گا۔عوام کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے محنت کرنا ہو گی۔سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کا نام ہے مگر آج لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔پارلیمنٹ سنور جائے تو ملک سنور جائے گا۔سیاسی کلچر کو بدلنے کیلئے انتخابی کلچر کو بدلنا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :