میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے مشینری پول آرگنائزیشن ڈائریکٹوریٹ کو ازسرِ نو فعال کیا جا رہا ہے ،اسلام آباد کی ترقیاتی سرگرمیوں میں ایم پی او کی تکنیکی معاونت حاصل کرنے کیساتھ غیر ضروری ترقیاتی اخراجات میں خاطر خواہ بچت بھی کی جا ئے، گذشتہ چند ماہ سے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ سے اسلام آباد کی مختلف شاہرائوں پر کارپیٹنگ کا کام شروع کرایا ہے جس کے باعث محض چند ماہ میں ہی ادارے کو کروڑوں ڑوپے کی بچت ہوئی ہے

اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کا گفتگو

بدھ 14 دسمبر 2016 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے مشینری پول آرگنائزیشن(ایم پی او) ڈائریکٹوریٹ کو ازسرِ نو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ اسلام آباد کی ترقیاتی سرگرمیوں میں ایم پی او کی تکنیکی معاونت حاصل کرنے کے ساتھ غیر ضروری ترقیاتی اخراجات میں خاطر خواہ بچت بھی کی جا ئے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ سے انہوں نے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ سے اسلام آباد کی مختلف شاہرائوں پر کارپیٹنگ کا کام شروع کرایا ہے جس کے باعث محض چند ماہ میں ہی ادارے کو کروڑوں ڑوپے کی بچت ہوئی ہے۔ یہ بات میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے بدھ کے روز ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے دورے کے موقع پر کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ شاہد سہیل ، ممبر ایڈمنسٹریشن و چیف آفیسر میٹرو پولیٹین کارپوریشن محمد سلیمان خان وڑائچ اور ڈائریکٹر ایم پی او عمر صغیر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ایم پی او کو ہدایت کی کہ ایم پی او میں زیرِ مرمت واٹر ٹینکرز کے تمام پرانے ٹائر تبدیل کرنے کے علاوہ ان کو پینٹ بھی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی او میں کئی سالوں سے پڑی ناکارہ مشینری اور سٹو ر میٹریل کی فہرست بنا کر اُسے نیلام کیا جائے اور نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی سے نئی مشینری خریدی جائے۔

انہوں ے کہا کہ ایم پی او کے اسفالٹ پلانٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اسے اپ گریڈ کیا جائے تاکہ پلانٹ سے اپنی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ ماضی کی طرح پلانٹ کی پیداوار کنٹریکٹر کو بھی قیمتاً فراہم کی جائے تاکہ ایم پی او کو مالی طور پر مستحکم اور خود مختار بنایا جا سکے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سٹور میں پڑی قیمتی مشینری کو استعمال میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قابلِ استعمال مشینری اور سامان کو چھوڑ کر ناکارہ مشینری کو فوری نیلام کیا جائے۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو ان کی ہدایات کی روشنی میں فعال کیا گیا ہے اور اب تک ایم پی او نے اپنے وسائل اور ہیوی مشینری کو استعمال میں لاتے ہوئے شاہراہِ دستور، پیر سوہاوہ روڈ ، G-8 رائونڈ ابائوٹ پاک سیکرٹریٹ اور سیکٹر D-12کی کارپیٹنگ کا کام مکمل کیا ہے جس سے کروڑوں روپے کی بچت ہوئی ہے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزکو بتایا گیا کہ ان کی ہدایت پر ڈپلو میٹک انکلیو کی کارپیٹنگ کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے جس سے مزید بچت بھی ہوگی۔ انہیں بتایا گیا کہ ان کی ہدایت پر سپورٹس اینڈ کلچر ڈائریکٹوریٹ ، انوائرنمنٹ ونگ اور واٹر سپلائی کے تمام مرمت طلب واٹر ٹینکرز کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جا رہی ہے۔ دورے کے موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ایم پی او کی ورکشاپ اور سروس سٹیشن کے علاوہ سٹور کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسفالٹ پلانٹ کا دورہ کرکے اس کی پیداواری صلاحیت اور استعمال ہونے والی میٹریل کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :