سالانہ پبلک ہیلتھ کانفرنس ، صحت سے متعلقہ ترقیاتی اہداف کے عزم کا اعادہ

بدھ 14 دسمبر 2016 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) دور وزہ سالانہ پبلک ہیلتھ کانفرنس جس کا انعقاد ہیلتھ سروسز اکیڈمی وزارت قومی صحت نے کیا تھا۔ میں تمام شراکت داروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی ترقیاتی اہداف جو صحت سے متعلق ہیں ، کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کو بہتر کیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت نے کہا کہ صحت کو ترقیاتی اہداف میں اہم حیثیت حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ان اہداف یعنی SDGs پر باضابطہ طور پر فروری 2016 میں پارلیمنٹ کی قرار داد کی منظوری کے بعد کام شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں تشکیل دی جانے والی قومی ہیلتھ ویژن کو ان ترقیاتی اہداف کی مطابق تشکیل دیا گیا ہے۔ سیکرٹری قومی صحت نے بتایا کہ کہ وزارت قومی صحت نے رواں سال ستمبر میں تمام صوبائی حکومتوں اور دیگر شراکت داروں کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں صحت سے متعلقہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے وفاق اور صوبوں کے کردار کو واضح کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت نے کہا کہ عوام تک صحت کی سہولیات کی رسائی کے حوالے سے ایک بڑا اقدام پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کی صورت میں اٹھایا گیا ہے جس کے تحت غربت کی لکیر کے نیچے خاندانوں کو صحت کی مفت اور معیاری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں یہ سہولت ایک کروڑ افراد تک پھیلانے کا منصوبہ ہے۔ ایک اور پیش رفت پولیو کے مرض پر قابو پانا ہے جس میں تمام چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے خاطر خواہ کمی لائی گئی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اسد حفیظ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد صحت کے حوالے سے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے شراکت داروں میں باہمی مشاورت اور کوششیں تیز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ کا شعبہ گذشتہ سالوں میں ارتقائی عمل سے گزرا ہے۔ اور اب اس میں موسمیاتی تبدیلی، محفوظ شہر صحت کی سہولیات تک مساوی رسائی اور غربت کا خاتمہ،غذائیت اور تعلیم جیسے شعبے بھی شامل ہیں۔

اسد حفیظ نے کہا کہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی گذشتہ 28 سالوں سے صحت کے شعبے میں تعلیمی خدمات انجام دے رہی ہے کو عنقریب ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ کا درجہ ملنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت سب کے لیے کے ہدف کے حصول کے لیے مشترکہ کوشش کرنے پر زور دیا ۔ اور کہا کہ وزارت قومی صحت اس حوالے سے تمام شراکت داروں سے مل کر اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔

اس موقع پر یونیسیف کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کرسٹن نے بھی خطاب کیا ، جبکہ امریکہ کے صحت کے سب سے بڑے تحقیقاتی ادارے CDC کے سربراہ ڈاکٹر Thomas نے ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کیا۔ بعد ازاں برطانیہ کے شعبہ پبلک ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ڈنکسن نے ترقیاتی اہداف کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ کانفرنس میں پاکستان اور دنیا بھر سے تقریباً 600 مندوبین نے شرکت کی۔