واشک میں تلور کی شکار کیلئے عوامی نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا

علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے، ہمیں اعتماد میں نہ لیا گیا تو قطری شیخوں کو کسی صورت اجازت نہیں دینگے، وائس چیئرمین حاجی شکر اللہ محمد حسنی

بدھ 14 دسمبر 2016 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2016ء) ڈسٹرکٹ واشک کے وائس چیئرمین حاجی شکر اللہ محمد حسنی نے کہا کہ ضلع واشک میں تلور کی شکار کیلئے عوامی نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے اگر ہمیں اعتماد میں نہ لیا گیا تو قطری شیخوں کو کسی صورت اجازت نہیں دینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ضلع واشک تلور کے شکار کیلئے بلوچستان میں سب سے بڑی شکار گاہ ہے اور وفاقی حکومت نے اس سال قطر کے حکمرانوں کو یہ علاقہ شکار کیلئے الاٹ کیا تھا اور گزشتہ ایک ماہ کے عرصے میں امیر قطر کے نمائندے ایڈوانس پارٹی کے ہمراہ ضلع واشک میں قیام پذیر ہیں امیر قطر کے نمائندے چند مفاد پرست اور مسترد شدہ ٹولے کے کہنے پر گشت کے نام پر سینکڑوں لو گوں کو بھاری معاوضوں پر رکھا ہے جس میں درجنوں مسلح لوگ باہر کے اضلاع کے شامل ہے اس کے ساتھ ساتھ درجنوں کرائے کی گاڑیاں رکھی گئی ہے اور اس سلسلے میں ضلع کونسل واشک کے تمام یونین کونسلز، تمام قبائل اور ایم پی اے کو نظرانداز کر کے یہ نوکریاں اور دیگر مراعات اس مسترد شدہ ٹولے تک محدود ہے اور یہ مسلح لوگ امیر قطر کے شکار کے گشت کے نام پر لو گوں کے زمینوں اور کھڑی فصلات کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔