Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب سے برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) پاکستان میں سربراہ کی ملاقات

ڈیفڈپنجاب حکومت کا ایک بہترین پارٹنر ہے،تعلیم ، صحت سمیت سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں،پنجاب حکومت تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے مربوط پروگرام پر عمل پیرا ہے، اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا گیا اور 54 ہزار بچوں کو نکال کر سکولوں میں داخل کرایا گیا، بچے پاکستان کا مستقبل ہیں ، انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی گفتگو

بدھ 14 دسمبر 2016 21:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بدھ کوبرطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کی پاکستان میں سربراہ جوانا ریڈ نے ملاقات کی جس میں ڈیفڈ کے اشتراک سے پنجاب میں جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں بات چیت ہوئی-ڈیفڈ پاکستان کی سربراہ نے صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شاندار اقدامات پر وزیر اعلی شہباز شریف کی غیر معمولی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے تعلیم، صحت ، بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور صوبے کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں - انہوںنے کہا کہ برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جانسن اپنے حالیہ دورہ پنجاب کے دوران وزیر اعلی شہباز شریف کی غیرمعمولی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت کو سراہا ہے -انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا اورتعلیم ، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ کے ساتھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے بھی تعاون کریں گے - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفڈپنجاب حکومت کا ایک بہترین پارٹنر ہے اورتعلیم ، صحت سمیت سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں - انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے مربوط پروگرام پر عمل پیرا ہے -انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا گیا ہے -جن بچوں کے ہاتھوں میں پہلے مٹی اور گارا تھا اب ان کے ہاتھوں میں قلم اور کتاب دی گئی ہے - اینٹوں کے بھٹوں سے 54 ہزار بچوں کو نکال کر سکولوں میں داخل کرایا گیا ہے -پنجاب حکومت ان بچوں کو مفت یونیفارم، کتابیں اور ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کر رہی ہے - انہوںنے کہا کہ آٹو ورکشاپوں ، ریسٹورنٹس اور پٹرول پمپوں سے بھی چائلڈ لیبر ختم کرنے کا پروگرام بنایا ہے -انہوںنے کہا کہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں ، انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں - تشدد کا شکار خواتین کی داد رسی کیلئے خصوصی سنٹرز بنائے جا رہے ہیںاور ان سنٹرز میں تشدد کا شکار خواتین کو ضروری سہولتیں ایک چھت تلے میسر آئیں گی -انہوں نے کہا کہ ڈیفڈ کے ساتھ بڑھتی ہوئی شراکت کا خیر مقدم کرتے ہیں - ڈیفڈپنجاب کی نمائندہ رتھ گراہم (Ms.Ruth Graham)، صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، حمیدہ وحیدالدین ،خواجہ عمران نذیر، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے�

(جاری ہے)

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات