وزیراعلیٰ پنجاب سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، پاک امریکہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال

حکومت نے ہر سطح پر میرٹ اور منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ہے،وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل کی جانب تیزی سے رواں دواں ہے، ساڑھے تین برس میں ملکی حالات میں بے پناہ بہتری آئی ہے، آج پاکستان کہیں زیادہ محفوظ، پرامن اور روشن ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب امریکی قونصل جنرل کی صوبے کی ترقی ، عوام کی خوشحالی اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف

بدھ 14 دسمبر 2016 21:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بدھ کویہاں امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کثیرالجہت نوعیت کے ہیں اور آنے والوں دنوں میں ان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل کی جانب رواں دواں ہے، گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران ملکی حالات میں بے پناہ بہتری آئی ہے اور آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ، پرامن، روشن اور پرامید ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور تمام ہمسایہ ملکوں سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے جو عظیم قربانیاں دی ہیں، دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی اور پاکستانی قوم کی انہی لازوال قربانیوں کے باعث آج ملک محفوظ اور پرامن بن چکا ہے۔ دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارا پانے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تحمل،برداشت اورمیانہ روی پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہمارا مشن ہے اور ہم پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

آج پاکستان میںاقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے جو ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور عوام کو بہتر سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اوربھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی بھی تعریف کی۔