پیپلزپارٹی احتساب بل کے نام پرقوم کودھوکہ دے رہی ہے۔میاں محمودالرشید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 14 دسمبر 2016 20:09

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔14دسمبر2016ء):پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی احتساب بل کے نام پر قوم کو دھوکہ دے رہی ہے، اپنے پورے5سال کے دوران احتساب بل نہ لا سکے،اب مسلم لیگ ن کی مشاورت سے تیارشدہ احتساب بل لاکرقوم کوگمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ ساری اپوزیشن کو ملکر بھی عددی برتری حاصل نہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے خورشید شاہ سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا انہیں عمران خان پر تنقید کا مینڈیٹ ملا ہے؟ نا جانے کیوں چور کو چور کہنے پر خورشید شاہ برہم ہو جاتے ہیں اور پا نا مہ زدہ حکمرانوں کا دفاع کرنے لگتے ہیں۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ بد قسمتی سے ملک میں خاندانی جمہوریت مسلط اور موروثی سیاست رائج ہے، عمران خان نے سٹیٹس کو کیخلاف نعرہ بلند کیا تو ساری متحد ہو کر تحریک انصاف کو ہدف بنا لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تحریک انصاف پا نا مہ معاملے کو20کروڑ عوام کا مسئلہ سمجھتی ہے، اس لئے اس مسئلے کو دفن نہیں ہونے دیں گے چاہے پیپلز پارٹی جتنا مرضی حکمران خاندان کا دفاع کرے لیکن اسکو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ پنجاب حکومت سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ جس صوبے میں 101سرکاری گاڑیاں غائب ہو جائیں اس میں عام آدمی کے جان و مال کا تحفظ کیسے یقینی بنایا جا سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے اشرافیہ کیلئے خریدی جانے والی 20کروڑ سے زائد مالیت کی گاڑیاں عائب ہوئیں، تحقیقات اور گاڑیوں کی تلاش میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد خرچ کیا گیا لیکن کوئی ایک گاڑی کا کھوج نہیں لگایا جا سکا۔