وسیم اختر کی کے ایم سی کی سابق افسران اور دیگر محکموں کے پاس گاڑیاں فوری واپس لینے کی ہدایت

مئیر کراچی کی فنڈز کی کمی کے باعث تین ماہ کیلئے افسران کی گاڑیوں کی مینٹی نینس بلوں کی ادائیگی پر پابندی اور پیٹرول اور ڈیزل کی مد میں بچت کی بھی ہدایت

بدھ 14 دسمبر 2016 21:14

وسیم اختر کی کے ایم سی کی سابق افسران اور دیگر محکموں کے پاس گاڑیاں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کی جو گاڑیاں سابق افسران اور دیگر محکموں کے پاس ہیں انہیں فوری طور پر واپس لینے کی ہدایت کردی ہے جبکہ فنڈز کی کمی کے باعث تین ماہ کیلئے افسران کی گاڑیوں کی مینٹی نینس بلوں کی ادائیگی پر پابندی عائد اور پیٹرول اور ڈیزل کی مد میں بچت کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

یہ بات انہوں نے وہیکل ڈپارٹمنٹ سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر وہیکلز فرید تاجک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے پاس فنڈز نہیں ہیں لہٰذا اگر کہیں پیٹرول اور ڈیزل کی چوری ہو رہی ہے تو اسے روکا جائے تاکہ جو رقم بچے وہ شہر میں صفائی ستھرائی اور شہر کی بہتری سمیت دیگر کاموں میں صرف کی جاسکے انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گاڑیوں کی متفرق فزیکل ویری فیکیشن کی جائے اور تمام محکموں کو اس سے مطلع کردیا جائے تاکہ گاڑیوں کی موجودہ حالت اور ان کے استعمال کا علم ہوسکے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں جاری صفائی مہم کے ساتھ ساتھ جراثیم کش اسپرے کی تیاری بھی کی جائے اور کراچی کے چھ اضلاع میں فیومیگیشن کیلئے فوری طور پر ایک ماہ کی مہم کا شیڈول بنا کر پیش کیا جائے تاکہ جلد از جلد یہ کام بھی شروع کیا جاسکے، فیومیگیشن مہم کیلئے کراچی کے تمام اضلاع کی انتظامیہ اپنے اپنے رابطہ افسر مقرر کریں گے اور اس مہم کے دوران کسی بھی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا بلکہ پوری کوشش کی جائے گی کہ شہر کے کونے کونے میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے اور شہریوں کو جراثیم سے پاک ماحول مہیا کیاجائے انہوں نے ہدایت کی کہ جراثیم کش اسپرے کیلئے موجود 60 گاڑیوں کو درست حالت میں رکھا جائے اور اگر کہیں کوئی خرابی ہے تو اسے فوری دور کیا جائے تاکہ اس مہم کے دوران کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم تجاوزات ہٹانے سے متعلق بھی ایک ماہ کا پیشگی پلان بنا کر پیش کیا جائے تاکہ اس پر سختی سے عملدرآمد ہوسکے اور شہریوں کو تجاوزات کی وجہ سے ہونے والی دشواریوں سے نجات دلائی جائے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ خشک اور سرد موسم کی آمد کے باعث شہر میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوجاتا ہے لہٰذا یہ ضروری ہے کہ فائربریگیڈ کے پاس موجود دونوں اسنارکلزکو فوری طور پر درست کرایا جائے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ایک اسنارکل خراب ہے جسے مزید اس حالت میں نہیں رکھا جاسکتا لہٰذا جتنی جلد ممکن ہو ان گاڑیوں کو ٹھیک کرکے تیار حالت میں رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے افسران سے کہا کہ ہمارے پاس جو بھی وسائل ہیں انہیں ہرممکن بہتر انداز میں استعمال کرنا ہے اور اگر کہیں وسائل کا ضیاع ہو رہا ہے تو اسے فوری اقدام کرکے روکنا ہے کراچی کے شہریوں کو ہم سے بہت زیادہ توقعات ہیں جن پر پورا اترنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گی

متعلقہ عنوان :