کشکول توڑنے والے حکمرانوں نے قوم کو قرض کی دلدل میں دھنسا دیا ہے :ذکر اللہ مجاہد

ساڑھے تین سالوں میں آٹھ ہزار ارب روپے کا بیرونی اور ملکی قرض قابل تشویش ہے‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 14 دسمبر 2016 21:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا ہے کہ کشکول توڑنے والے حکمرانوں نے قوم کو قرض کی دلد ل میں دھنسا دیا ہے جس نے ملکی قومی اداروںکو تباہ کر کے رکھ دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوںدفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے وفود سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ساڑھے تین سالوں میں آٹھ ہزار ارب روپے کا بیرونی اور ملکی قرض لیا جبکہ سابقہ حکومتوں کا قرض چودہ ہزار ارب روپے بنتاہے اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتاہے کہ قرض اتارو ملک سنواروکا نعرہ لگانے والے حکمران اپنے ہی ایجنڈے اور وعدئوں سے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں جبکہ ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن نے ملک کے قومی اداروں سٹیل مِل، پی آئی اے ، ریلوے سمیت قومی ادارے کرپشن زدہ نظام میں اپنی ناقص کارکردگی کی بنا پر مفلوج اور قومی خزانے پر بوجھ بن چکے ہیںجس کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کی گردنوں میں قرض کا طوق پہنا دیا ہے اورنسل در نسل حکومت کرنے والے سیاستدان عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کو کرپشن کے سرطان کے جان لیوا مرض کا سامنا ہے اور اس زہریلے ناگ کا سرکچلنا بہت ضروری ہو گیا ہے جس کے لیے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی اس جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب قوم کو تہذیبی ، نظریاتی ، معاشی ، معاشرتی، سیاسی ، انتخابی کرپشن اور دیگر بحرانوں کو سامنے رکھ کر مستقبل کے حوالے سے فیصلے کرنے ہوں گے تاکہ ملک کو اس نازک صورتحال سے نکالا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :