قیام امن کے لیے کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز کراچی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ایس ایم منیر

بدھ 14 دسمبر 2016 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر مسعود نقی نے ایک بیان میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت کور کمانڈر کراچی جنرل نوید مختار نے تاجر و صنعت کار برادری کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور ہمیشہ تاجر برادری کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کراچی میں قیام امن کے لیے جو خدمات انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میجر جنرل بلال اکبر کی قیادت میں سندھ رینجرز کی شبانہ روز محنت اور پوری یکسوئی سی کی جانے والی کاوشوں کے باعث ہی شہر کی رونقیں بحال ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی جی رینجرز نے ہر موقع پر امن و امان سے متعلق تاجر و صنعت کار برادری کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا، ان کی زیر قیادت سندھ رینجرز کی کارروائیوں کی باعث شہر کی رونقیں بحال ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا، میجر جنرل بلال اکبر کراچی کے شہری اور تاجر برادری کے ہیرو ہیں اور پاکستان کے معاشی حب کو دہشت گردی کے اندھیروں سے نکالنے کے لیے ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکیں گی۔

دونوں رہنماؤں نے کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی، اور ڈی جی رینجرز کی بطور چیف آف جنرل اسٹاف تعیناتی پر مبارک باد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :