دھند کے پیش نظر میٹرو ٹرین منصوبے کے تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے، حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک نئی ڈرین کی تعمیر کیلئے پری کوالیفائیڈ فرموں کوٹینڈر 23دسمبر تک جمع کروانے کا دوبارہ موقع دیا گیا ہے،لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی تعمیراتی کام والے علاقوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دے

سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان کی متعلقہ حکام کو ہدایت

بدھ 14 دسمبر 2016 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی ہے کہ موسم سرما میں دھند کے پیش نظر اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل درآمدکیا جائے -لیسکو اہلکاروں کا70فٹ بلندی پر حفاظتی آلات کے بغیر کام کرنا تکلیف دہ ہے ‘ انہیں درکار سامان فی الفور مہیا کیا جائے -پری کاسٹ ٹرانزم اور یو ٹب گرڈرز ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے دوران کسی بھی قسم کے حادثے سے بچنے کے لئے ٹریفک پولیس اہلکاران گاڑیوں کے آگے اور پیچھے ڈیوٹی انجام دیں -لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی تعمیراتی کام والے علاقوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دے -حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک13کلومیٹر طویل نئی ڈرین کی تعمیر کے لئے چار پری کوالیفائیڈ فرموں کو اپنے ٹینڈر 23دسمبر تک جمع کروانے کا دوبارہ موقع دیا گیا ہے جو 29دسمبر کو کھولے جائیں گے - وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا56.6 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا72 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا44فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا55.5فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا55فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔

(جاری ہے)

پیکیج ون کے لئے 290ٹرانزم پری کاسٹ اور 234لانچ کئے جا چکے ہیںجبکہ اس حصے کے لئے پری کاسٹ کئے جانے والے 240یو ٹب گرڈرز میں سے 189لانچ کئے جا چکے ہیں- رنگ روڈ پر اورنج لائن کے لئے پل کی تعمیر کا نصف سے زیادہ کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ شیشہ مارکیٹ میکلوڈ روڈ سے شاہراہ قائد اعظم تک ٹرین کے انڈر گرائونڈ راستے کی تعمیر کا کام تکمیل کے مراحل میں ہے -اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اورنج لائن روٹ پر واقع 2613 پراپرٹی ٹیکس یونٹ جبکہ 930پروفیشنل ٹیکس یونٹ متاثرہو رہے ہیں جنہیں ریلیف دینے کے لئے پالیسی وضع کی جا رہی ہے -اجلاس میں بلا مقابلہ نو منتخب لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر‘ ایم پی اے چودھری شہباز ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ‘ نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :