وزیر سماجی بہبود سندھ شمیم ممتاز نے 4گھوسٹ ملازمین کو معطل اور 2سوشل ویلفیئر آفیسرز کو ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی

بدھ 14 دسمبر 2016 20:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود شمیم ممتاز نے بدھ کی صبح کیماڑی ،گارڈن اور لیاری میں سوشل ویلفئیر دفاتر کا اچانک دورہ کیا اور چارگھوسٹ ملازمین کو معطل اور دو خواتین سوشل ویلفئیر افسران کو ہیڈ کورٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ۔صوبائی وزیرجب سوشل ویلفئیر آفس کیماڑی پہنچیں تو دفتر کو تالہ لگا ہوا تھا جس پر انہوں نے دو خواتین سوشل ویلفئیر آفیسر ز شمائلہ خان اور صنم شہزادی کو دفتر سے غیر حاضر پاکر ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ مذکورہ دفتر کے جونیر کلرک محمد عدنان اور ایگزلری ورکر محمدمسعود الظفر کو طویل عرصے سے غیر حاضر رہنے پر معطل کردیا ۔

صوبائی وزیر نے سوشل ویلفیئر آفیس گارڈن کا بھی اچانک دورہ کیا اور گھوسٹ جونئر کلرک محمد بخش ابڑو کو معطل کردیا جبکہ خصوصی بچوں کے بحالی مرکز لیاری کے دورے کے دوران گھوسٹ سینئر کلرک خاوند بخش کی معطلی کے احکامات جاری کئے ۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران صوبائی وزیر نے ملازمین اور افسران کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسرا ن اور ملازمین اپنا قبلہ درست کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے سرکاری افسران اور عملہ کی دفاتر میں حاضری کو یقینی بنانے کے سخت احکامات جاری کئے ہیں تاکہ عوام کے مسائل کو فورا حل کیا جاسکے ۔

صوبائی وزیر سماجی بہبود نے سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین اپنے فرائض دیانتداری اور ایمانداری سے انجام دیں اور دفتری اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ محکمہ میں گھوسٹ ملازمین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :