صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنا اور شکایات کا فوری ازالہ ہماری ذمہ داری ہے ،چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو

بدھ 14 دسمبر 2016 20:26

صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنا اور شکایات کا فوری ازالہ ..
ملتان۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین نے کہا ہے کہ صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنا اور شکایات کا فوری ازالہ ہماری ذمہ داری ہے ۔ شکایات سنٹرز کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے شکایات میں کمی واقع ہورہی ہے ۔ وہ میپکو ملتان سرکل کے دورے کے موقع پر افسران سے گفتگو کررہے تھے۔

اس موقع پر چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شاہد حمید چوہان، سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ملتان سرکل محمد اکرم بھٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی محمد عمر لودھی ،سٹاف آفیسر کامران ظہور اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل میپکو ملتان سرکل علی اکرم گجر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سرکل کے زیر انتظام علاقوں میں موسم سرما میں سسٹم کی اپ گریڈیشن اور مرمتی کام ہر صورت مکمل کیاجائے تاکہ آئندہ موسم گرما میں صارفین کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ملتان سرکل کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈافسران سے روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کی رپورٹ طلب کریں تاکہ کمپنی کی جانب سے مقرر کئے گئے اہداف کا حصول ممکن ہوسکے ۔ سرکل افسران سب ڈویژنوں اور ڈویژنوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے دورے کریں ۔ کمپنی کی ترقی اور مفادات کے لئے کام کرنا سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف کاروائی کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں ۔

افسران بجلی چوروں اور واجبات ادانہ کرنے والے صارفین کے خلاف بلاامتیازکاروائی کریں ۔ چیف انجینئر ڈویلپمنٹ میپکو شاہد حمید چوہان نے اس موقع پر کہا کہ ملتان سمیت ریجن بھر میں صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کے لئے نہ صرف نئے گرڈاسٹیشنز بنائے جارہے ہیں بلکہ پہلے سے موجود گرڈاسٹیشنز میں نصب ہائی پاورٹرانسفارمرز کی استعدادکار میں توسیع بھی جارہی ہے ۔

کروڑوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں ہم یہ منصوبے موسم گرما سے قبل ہی مکمل کرلیں گے ۔ سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ملتان سرکل محمد اکرم بھٹی نے سرکل کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ سرکل ، ڈویژنل اور سب ڈویژنل دفاتر میں قائم شکایات سنٹرز کی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور تین شفٹوں میں عملہ چوبیس گھنٹے خدمات سرانجام دے رہاہے ۔رواں مالی سال 2016-17ء کے دوران کمپنی کی جانب سے مقرر کردہ لائن لاسز اور ریکوری کے اہداف حاصل کرلئے ہیں ۔ بجلی چوروں کے خلاف سرکل سرویلنس ، ڈویژنل اور سب ڈویژنل چیکنگ ٹیمیں شعبہ ایم اینڈ ٹی کے ہمراہ کاروائیاں کررہی ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :