نوجوانوں میں ریسرچ ، مطالعہ کے ساتھ ساتھ جدید علوم حاصل کرنے کا شوق پیدا کیا جائے،پروفیسرطارق محمودانصاری

بدھ 14 دسمبر 2016 20:22

ملتان۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء)سینئر ڈین آف سائنس بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری نے کہا ہے کہ تعلیم کے میدان میں ترقی کیلئے ضروری ہے کہ نوجوانوں میں ریسرچ ، مطالعہ کے ساتھ ساتھ جدید علوم حاصل کرنے کا شوق پیدا کیا جائے ، وقت کا تقاضا ہے کہ خطے میں ٹیلنٹ کو ابھارنے کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سوسائٹی فورم کے زیراہتمام ’’میٹ دی سول سوسائٹی‘‘ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ سائنسی ترقی کے اس دور میں تعلیمی سہولیات اور موافق حالات پیدا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ، ہمارے خطے میں ذہانت کے حوالے سے ٹیلنٹ میں کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹیلنٹ کو نکھارا جائے اور یہ نکھار تب ہی ممکن بنایا جاسکتا ہے جب تعلیم حاصل کرنے کا شوق اور لگن کے جذبات موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے میری اس خطے کے باسیوں سے یہ امید ہے کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے میدان میں ترقی دلانے کیلئے اپنی تمام تر دلچسپی اور کاوشیں بروئے کار لائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں سول سوسائٹی کا اہم کردار ہے سماج کی خدمت ، دکھی انسانیت کا مداوا حقیقی معنوں میں عبادت کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملتان تاریخی شہر ہے اولیاء کرام نے اس خطے کی عوام کو علم کے نور سے روشناس کرایا آج یہ شہر تاریخی اعتبار سے دنیا کے صف اول کے شہروں میں شمار ہوتا ہے ۔ سول سوسائٹی کا اس معاشرے میں متحرک رہنا اس خطے کے عوام کی باشعور ہونے کا عملی نمونہ ہے ۔ اس موقع پر سول سوسائٹی فورم کی جانب سے ڈاکٹر ہمایوں شہزاد ، ڈاکٹر عرفان پراچہ ، مولانا صاحبزادہ ابراہیم خان ، پروفیسر عنایت علی قریشی ،، عابدہ حسین بخاری ، سبین خان نے اپنے اپنے شعبہ جات سے وابستگی اور کے حوالے سے اپنی اپنی جدوجہد سے روشناس کرایا ۔