مقبوضہ کشمیر ،جمعہ اور ہفتہ کو ہڑتال ہوگی ، احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے، مشتمل مشترکہ حریت قیادت کا اعلان

بدھ 14 دسمبر 2016 20:18

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے نیااحتجاجی پروگرام جاری کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 6ماہ کی مسلسل اورپرجوش عوامی تحریک نے جدوجہد آزادی کو نہ صرف آگے بڑھایا ہے بلکہ ہمارے لئے نئے امکانات اور مواقع کھول دیے ہیں جس کی بنا پر ہم اپنی منزل کے قریب آگئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تحریک مزاحمت کو آگے بڑھانے کیلئے ایسی مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے جس پر عملدرآمد کیلئے لوگوں کا بھرپور تعاون اور شرکت یقینی ہو اور انہیں کم سے کم نقصان اٹھانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کو ذہن میں رکھ مشترکہ قیادت ہفتہ وار احتجاجی پروگراموں کے بجائے پورے سال کیلئے احتجاجی پروگرام ترتیب دینے کیلئے کام کر رہی ہے اور کوشش یہی ہے کہ سماج کے تمام طبقوں سے جن میں طلبہ ، تاجر ،ٹرانسپورٹر، اساتذہ ، وکلاء ، دانشور ، سول سوسائٹی اور قلمکار وغیرہ شامل ہیں ، مشاورت کے ساتھ ساتھ ان سے تجاویز طلب کی جائیں۔

(جاری ہے)

چونکہ پوری قیادت قابض انتطامیہ کے محاصرے میں ہے اور ان کی پر امن سرگرمیوں پر نہ صرف پابندی عائد ہے بلکہ طاقت کے بل پر ان کی سرگرمیوں کو سبوتاڑ کیا جارہا ہے اس لئے پروگرام ترتیب دینے میں مزید کچھ وقت لگنے کا امکان ہے۔اس دوران مزاحمتی قیادت نے اگلے چند ہفتوں کیلئے مندرجہ ذیل احتجاجی پروگرام ترتیب دیا ہے اور قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ پورے عزم کے ساتھ اس پروگرام کو کامیاب بنائیں۔

پروگرام کے مطابق ہرجمعے کوہڑتال ہوگی اور نماز جمعہ کے بعد مقامی طور پر مقرر کردہ مقامات پر آزادی کے حق میں جلسے اور جلوس ہونگے۔ ہفتے کو بھی مکمل ہڑتال ہوگی اور صبح سات سے شام چار بجے تک تحصیل ہیڈکوارٹروں کی طرف پیدل اور موٹر سائیکلوں پرآزادی مارچ ہونگے۔اتوار،پیر ، منگل ، بدھ اور جمعرات کو ہڑتال نہیں ہوگی البتہ پیر کو آزادی پسند تنظیمیں تحصیل ہیڈکوارٹروں پر 2سی4بجے تک احتجاجی دھرنوں کا اہتمام کریں گی اور لوگوں کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز ہونگے جن پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔

منگل کو خواتین مقامی سطح پر نما زظہر سے عصر تک احتجاج کریں گی۔بدھ کو وکلاء 2سے 4بجے تک عدالتی احاطوں میں احتجاجی دھرنا دیں گے۔تاہم احتجاجی مظاہرے ہرروز جاری رہیں گے۔قیادت نے لوگوں کے عزم و استقلال اور تحریک مزاحمت کے لیے ہر وقت تیار رہنے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم یہ حقیقت ذہن نشین کریں کہ من حیث القوم ہماری مشترکہ کوششیں اور قربانیاں کسی وقتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ ایک وسیع تر مقصد کیلئے ہیں۔اسلئے ہمیں ایک طویل مدتی جدوجہد کیلئے اپنے آپ کو ذہنی طور پر آمادہ کرکے ہر دم تیار رہنا ہے اور جدوجہد اور مزاحمت کو اپنی زندگی کا ایک لازمی جز بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :