محکمہ انسداد تجاوزات اورکے پی ٹی کا مشترکہ آپریشن ،غیرقانونی ہوٹلز، پنکچر شاپس، کیمیکل کارٹن، ٹیبلز ، کرسیوں کا صفایا کردیاگیا

بدھ 14 دسمبر 2016 20:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات اور کراچی پورٹ ٹرسٹ نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے علاقے سی گروپ کے اطراف غیرقانونی ہوٹلز، پنکچر شاپس، کیمیکل کارٹن، ٹیبلز ، کرسیوں کا صفایا کردیا اور اٹھایا گیا تمام سامان کے ایم سی اسٹور میں جمع کرا دیا گیا ، اس کے علاوہ محکمہ انسداد تجاوزات نے پی آئی بی کالونی یوسی 19 میں بھی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کردیا اور اضافی فٹ پاتھوں کو مسمار کردیا گیا اس علاقے میں یہ کارروائی کل بھی جاری رہے گی، کراچی پورٹ ٹرسٹ آپریشن کی نگرانی محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے کرنل (ر) بصیر عالم نے مشترکہ طور پر کی اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان احمد خان، محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ، کراچی پورٹ ٹرسٹ کا عملہ اور علاقہ پولیس بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پی آئی بی کالونی یوسی 19 میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔کے پی ٹی کے علاقے سی گروپ میں محکمہ انسداد تجاوزات اور کراچی پورٹ ٹرسٹ نے مشترکہ کاروائی کی اور تمام تجاوزات کا صفایا کردیا ۔ واضح رہے کہ محکمہ انسدادتجاوزات شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً گنجان کاروباری مراکز پر شہریوں کو سہولت پہنچانے کے لئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کے خلاف مہم کو مزید تیز کردیا ہے اور تجاوزات کے خلاف اس مہم کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔