عالمی برادری کی خاموشی نے بشارالاسد کو درندہ بنادیا ، مفتی محمدنعیم

شام کی صورتحال عالم اسلام کیلئے باعث تشویش ہے مسلم حکمران حلب کوتباہی سے بچائیں ،مہتمم جامعہ بنوریہ

بدھ 14 دسمبر 2016 19:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) معروف مذہبی اسکالروجامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے حلب شام میں جاری ظلم وسر بریت اور بشارالاسد کی سفاکیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کی خاموشی نے بشارالاسد کو درندہ بنادیاہے،حلب کی صورتحال عالم اسلام کیلئے باعث تشویش ہے ، مسلم حکمران حلب کو تباہی سے بجائیں ، عالمی برادری بشار الاسد کی درندگی اور روسی بمباری کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ حلب کی صورتحال اور ظلم پر انسانیت شرما گئیں اس کے باوجود عالمی طاقتیں اور نام نہاد حقوق انسانی کے دعویدار خاموش تماشائی کا رول اداکررہے ہیں ، میڈیا رپورٹس کے مطابق حلب کو گھنڈر میں بدل دیاگیاہے ہزاروں جانیں ضائع ہوچکی ہیں اور ہزاروں افراد بے گھر اور بے سروسامانی کے حالت میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ،مسلم حکمران ہوش کے ناخن لیکر حلب کی صورتحال اور ظلم سربریت کو عالمی برادری کے سامنے اٹھائیں ، بدترین ظلم پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموش افسوسناک ہے ،انہوںنے کہاکہ دنیا میں کہیں بھی کوئی مسلمان ایک پتھر بھی پھینک دے تو پوری دنیا اٹھ کھڑی ہوتی ہے مگر افسوس خون مسلم کی ارزانی آج برما ،شام فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کا چن چن کر قتل عام کیاجارہاہے کسی کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی ، انہوںنے کہاکہ عالم اسلام کی ناگفتہ بہ صورتحال کے ذمہ دار مسلم حکمران ہیں جنہوں نے اجتماعی مفادات کو پست پشت ڈال کر ذاتی مفاد کے حصول کو اپنا شیوہ بناکر مسلم دشمن طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ، حلب میں جاری ظلم پر انسانیت شرما گئی ہے جب تک مسلم حکمران متحد ہوکر اقدام نہیں کرتے شام کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتاہے۔