شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی کا خصوصی مرہون منت ہے ،ْ ثناء اللہ زہری

وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت کا تعاون آئندہ بھی بلوچستان کو حاصل رہے گا ،ْوزیر اعلیٰ بلوچستان کا خطاب

بدھ 14 دسمبر 2016 19:18

کوئٹہ /تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہراہ کی تعمیر کا منصوبہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی کا خصوصی مرہون منت ہے ،ْ وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت کا تعاون آئندہ بھی بلوچستان کو حاصل رہے گا ۔وہ بدھ کو شاہراہ سوراب ہوشاب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

وزیراعظم محمد نواز شریف ‘وفاقی وزیر منصوبہ بندی ‘ترقی واصلاحات احسن اقبال ‘ وفاقی وزیر سرحدیں و ریاستی امور لیفیٹننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ ‘ لیفٹیننٹ جنر عامر ریاض ‘کمانڈر سدرن کمانٹ ‘ سابق وزیر اعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ ‘ ڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ‘اراکین سینٹ ‘سول و عسکری حکام تقریب میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام تمام مہمان کا دل کی گہرائیوں سے خیر مقدم کرتے ہیں اوروزیراعظم کے بھی انتہائی شکر گزار ہیں جنہوں نے بلوچستان اور اسکے عوام کو ہمیشہ عزیز رکھا ‘وزیراعظم کی یہاں موجودگی اور بار بار بلوچستان کے دورے بلوچستان کے عوام سے ان کی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ‘وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت کا تعاون آئندہ بھی بلوچستان کو حاصل رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو پسماندگی سے نکالنے اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے ہم دن رات کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن نے عام انتخابات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ بلوچستان کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کریں گے ‘وزیراعظم محمد نواز شریف نے برسر اقتدار آنے کے بعد بلوچستان کے حالات بہتربنانے کے لئے ذاتی دلچسپی لی اور وہ اپنے وعدے پورے کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی تعمیر کا یہ منصوبہ بھی وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی کا خصوصی مرہون منت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گوادر بندر گاہ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی فراہمی سرمایہ کاری اور ترقی کی نئی راہیں کھولتی ہے ‘سی پیک جیسے غیر معمولی منصوبے کے تحت شاہراہوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ‘ایک عرصے سے ترقی کے منتظر عوام کو ٹھوس ترقیاتی کام ہوتے نظر آرہے ہیں ‘اس کا کریڈٹ وزیراعظم محمد نواز شریف کو جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ سوراب بننے کے بعد زرعی اور معدنی وسائل کی منڈیوں تک رسائی ‘بڑے شہروں تک آنے جانے میں سہولت ملے گی اور تعمیر و ترقی کی سرگرمیاں بھی تیز ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مربوط کرنے اور ساحلی علاقوں میں روڈ نیٹ ورک کا حصہ بنانے میں ایف ڈبلیو او کا کردار قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہا کہ قلات چمن کوئٹہ سیکشن ‘ گوادر تربت روڈ ‘ خضدار روڈ‘ژوب روڈ ‘ خارا اور کچی سمیت شاہراہوں کی تعمیر کے دیگر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ‘شاہراہوں کی تعمیر ‘ جہاں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہے وہی عام آدمی کی زندگیوں میں بھی آسانیاں پیدا کرتیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تربت کا فاصلہ پہلے 24گھنٹوں میں طے ہوتا تھا لیکن نئی شاہراہ بننے کے بعد یہ فاصلہ اب سات سے آٹھ گھنٹے میںطے ہوگا ۔ڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ آج پاکستانی قوم کے اتحاد کا دن ہے ‘ یہ حکومت کے سیاسی عزم،عوام کی طاقت اور خواہش ‘افواج پاکستان ‘پولیس اور مقامی انتظامیہ کی مدد اور حمایت ‘ایف ڈبلیو او کے جوانوں کے عزم و استقلال کی علامت ہے ‘یہ ہمیں یاد دلا رہا ہے کہ پاکستان کے تمام ادارے اور حکومت جس کام کو کرنا چاہیں ‘اللہ کے فضل و کرم سے کر دکھاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ستمبر 2007 ء میں شروع ہوا‘ فنڈز کی کمی اورامن عامہ کے مخدوش حالات کی وجہ سے بندکرنا پڑا ‘جنوری 2014 میں وزیراعظم نے اس منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ایف ڈبلیو او نے نیسپاک ‘این ایچ اے نے ریکارڈ مدت میں یہ منصوبہ مکمل کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کے 32جوان اس سڑک کی تعمیر کے دوران شہید ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سڑک پاک چین اقتصادری راہداری کا اہم جزو ہے ‘یہ سڑک نہ صرف چین کے ساتھ ‘شمالی علاقہ جات بلکہ آنے والے وقتوں میں چمن کے راستے افغانستان اور وسطی ایشیاء کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صوبائی حکومت ‘افواج پاکستان ‘ایف سی بلوچستان سمیت دیگر تمام اداروں کے تعاون پر شکر گذار ہیں ۔ایف ڈبلیو او کسی بھی مشکل یا رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر ملک کی تعمیر و ترقی میں اس جذبے ‘لگن کے ساتھ کام جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کے لئے یہ ترقی کا پہلا زینہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :