پہلی ویمن کبڈی چیمپیئن شپ کا آغاز ہو گیا

بدھ 14 دسمبر 2016 19:11

پہلی ویمن کبڈی چیمپیئن شپ کا آغاز ہو گیا
لاہور۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلی ویمن کبڈی چیمپیئن شپ کا لاہور میں آغاز ہو گیا، چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو واجد علی کاظمی تھے، پہلے روز چار میچ کھیلے گئے جن میں پاکستان آرمی ٹیم کو بائی مل گئی جبکہ دیگر تین میچز میں واپڈا، پنجاب اور اسلام آباد کی ٹیموں نے اپنی حریف ٹیموں کو شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں منعقد ہونے والی چیمپیئن شپ کا پہلا میچ واپڈا اور خیبر پی کے ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں واپڈا نے 05 کے مقابلے 36 پوائنٹس سے کامیابی اپنے نام کی، دوسرا میچ پنجاب اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پنجاب نے 19 کے مقابلے 66 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، تیسرے میچ میں اسلام آباد نے سندھ کو 42-20 سے زیر کیا، چیمپیئن شپ کے دونوں سیمی فائنل میچ آج کھیلے جائیں گے،پہلا سیمی فائنل آرمی اور اسلام آباد کے درمیان جبکہ دوسرے میچ واپڈا کا مقابلہ پنجاب سے ہوگا۔

(جاری ہے)

چیمپیئن شپ کا فائنل کل بروز جمعہ کو کھیلا جائیگا۔ اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویمن کبڈی کاٹیلنٹ موجود ہے، پاکستان ویمن کبڈی میں دنیا کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ اگلے دو سال میں پاکستان ویمن کبڈی ٹیم کی وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرا سکیں۔ مستقبل میں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور ایران کی ٹیموں کے ساتھ سیریز کے انعقاد کی کوشش کرینگے تاکہ ہماری کھلاڑیوں کو بین الاقوامی میچز کا تجربہ حاصل ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :