چار روزہ کیمسٹری پریوریشیا کانفرنس کل سے ایچ ای جے جامعہ کراچی میں شروع ہوگی

یہ پاکستان کی سب سے بڑی سائنس کانفرنس ہوگی، پروفیسرعطا الرحمن،پروفیسر اقبال چوہدری کا جامعہ کراچی میں خطاب

بدھ 14 دسمبر 2016 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں کیمسٹری اور دیگر کیمیائی علوم پر4روزہ 14ویں یوریشیا کانفرنس کل سے (جمعرات) شروع ہوگی، اس عالمی کانفرنس میں 45 ممالک کے تقریباً 740 سائنسدان اور محقیقین شرکت کررہے ہیں، یہ پاکستان کی سب سے بڑی سائنس کانفرنس ہوگی، گزشتہ یوریشیا کانفرنس بھارت میں منعقد ہوئی تھی۔

یہ بات اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے بدھ کو ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمیسٹری میں منقعدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بیلجیئم کے پروفیسر ڈاکٹر ایلن کریف، جرمنی کے پروفیسر جنتھر شوارز، یونان کے پروفیسر آئونیس جیروتھانیسز اورجمہوریہ چیک کے پروفیسر جیری باریک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروفیسر عطا الرحمن نے کہا یہ کانفرنس کیمیائی علوم بشمول نینو کیمسٹری، فوڈ اور ڈرگ کیمسٹری، میڈیسنل کیمسٹری اور ایگرو کیمسٹری جیسے اہم موضوعات کو متعدد سیشن میںزیرِ بحث لائے گی، اس کانفرنس کا مقصد نوآموز محقیقین کو معتلقہ سائنسی علوم سے وابستہ بڑے بڑے ماہرین کے تجربات سے فیضیاب ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے، اس کانفرنس سے توقع کی جاسکتی ہے کہ اس سے پاکستان کو غذا ور ادویات کی پیداوار میں خودانحصاری حاصل کرنے میں مدد ملی گی۔

انھوں نے کہا بنیادی انسانی اور یوریشیا ممالک کے مفاد کے پیش نظر یہ کانفرنس دنیا بھر کے ماہرین، محقیقین طلبہ و طالبات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی روایت کی حامل رہی ہے، انھوں نے کہا 7 ویں یوریشیا کانفرنس 2002 ء میں کراچی میں منعقد ہوئی تھی اور 2016 ء میں ایک پھر منعقد ہورہی ہے جبکہ اس سال آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا گولڈن جوبلی منایا جارہا ہے، جبکہ اس دوران یہ کانفرنس اُردن، یونان، بھارت میں منعقد ہوئی تھی۔

پروفیسراقبال چوہدری نے کہا علم کیمیاء کی اہمیت انسانی معاشروں کی ترقی کے حوالے سے واضح ہے، یہ سائنس کا بین الکلیاتی شعبہ بن چکی ہے جس کا ادویات، بائیو سائنس، زراعت، ڈرگ ڈیولپمنٹ، ایکولوجی، ماحولیات، غذائی سائنس او انفارمیشن ٹیکنالوجی میں اہم کردار ہے، انھوں نے کہا یوریشیا کانفرنس میں پلینری اور انوائٹڈ لیکچرز ہوں گے جبکہ پوسٹرز پریزینٹیشن بھی اس کا حصہ ہیں، انھوں نے کہا یہ کانفرنس اسکالرز کے لئے اپنے تحقیقی امور و کارگزاریوں کو پیش کرنے کا اور ان پر گفتگو کرنے کا بہترین وسلیہ ہے۔

متعلقہ عنوان :