کراچی ،رزاق آباد میں ایگلیٹ اور آرمی ریکروٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے 384 اہلکاروں سمیت 707 اہلکاروں کی تربیت مکمل،ایس پی یو کے 384 اہلکار سی پیک پروجیکٹ کی سیکیورٹی انجام دیں گے

بدھ 14 دسمبر 2016 19:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) شہیدبینظیربھٹوایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں ایلیٹ کورس کے اکیتیسویں(31)، ایگلیٹ کورس کے تینتیسویں(33)، جبکہ آرمی ریکروٹ کورس کے تیسری(03) بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ان کے ہمراہ ڈی آئی جی آرآرایف ڈاکٹر امین یوسف زئی، ڈی آئی جی ٹریننگ آفتاب پٹھان، ایس ایس پی ملیر جاویداکبر ریاض کے علاوہ موقع پر کمانڈنٹ ایس بی بی پی ای ٹی سینٹر رزاق آباد پیر محمد شاہ بھی موجود تھے جنہوں نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا ِ۔

آئی جی سندھ نے پاس آؤٹ ہونیوالے 707اہلکاروں کو تربیت کے جملہ مراحل انتہائی کامیابی سے تکمیل کرنے پر مبارکباد دی اور اس حوالے سے تمام اسٹاف اور باالخصوص کمانڈنٹ کے اقدامات کو سراہا ِ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی تربیت سے آراستہ اہلکار محکمہ پولیس سندھ کا اثاثہ ہیں اور سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات میں ان کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ چائنا پاک اقتصادی راہداری پروجیکٹ کی حفاظت کے لئے آج پاس آؤٹ ہونیوالے 384 اہلکاروں سمیت اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں بارہ سو (1200)جوان بھرتی کیے گئے ہیں اور ان تمام کا تعلق پاکستان آرمی سے ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان اور اس کے عوام کی اقتصادی ترقی، معاشی خوشحالی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور سندھ پولیس کا پاکستان آرمی کے ساتھ ٹریننگ کا آغاز دراصل اسی تسلسل میں ہے کیونکہ فی زمانہ پولیس کو درپیش چیلنجز میں سب سے بڑا چیلنج ملک سماج دشمن عناصر اور دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ہے اور ساتھ ساتھ پاکستان کو لسانی اور مذہبی تعصب سے پاک کرنا بھی ہے ِ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف کارکردگی طرہ امتیاز ہے اور عوام کے جان ومال کی حفاظت کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے افسران اور جوانوں کے کارنامے مشعل راہ ہیں کہ جن سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے ۔انہوں نے پاس آؤٹ ہونیوالے پولیس کمانڈوز سے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ آپ اپنی عملی زندگی کو سندھ پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کی ایک بہترین مثال بناتے ہوئے اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کی بدولت سندھ اور باالخصوص کراچی کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور عوام کی خدمت کو فرائض منصبی کی جملہ ذمہ داریوں میں ایک خاص مقام دیں گے۔

اس موقع پر کمانڈنٹ پیرمحمدشاہ نے پولیس کے جوانوں کی ویلفیئر کے لیے کیے گئے آئی جی سندھ کے اقدامات کو سراہا جن میں شہداء پولیس کے اہل خانہ کے فنڈ کو بیس لاکھ سے بڑھاکر پچاس لاکھ کرنا اور مرحوم پولیس ملازمین کی بیواؤں کے لئے چار سال سے بند بینوویلنٹ فنڈ کا اجرا ء قابل ذکر ہیں۔

متعلقہ عنوان :