کرپشن کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کا وشوں کی ضرورت ہے ، گورنر سندھ

کرپشن معاشرے کی سماجی و اخلاقی اقدا ر کو تباہ کررہی ہے ،بدعنوان عناصر کی پشت پناہی کے باعث معاشرے کے ہر شعبہ میں کرپشن موجود ہے، جسٹس ( ر) سعید الزماں صدیقی کا سیمینار سے خطاب

بدھ 14 دسمبر 2016 19:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے کہا ہے کہ کرپشن معاشرے میں ناسور کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے خاتمے کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو تیز رفتار ترقی و خوشحالی کی منزل پر گامزن کیا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب کے فروغ میں سرکاری اداروں کے کردار کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کے لئے اپنے پیغام میں کیا۔

جسے ان کے پرنسپل سیکریٹری محمد صالح احمد فاروقی نے حاضرین کو پڑھ کر سنایا۔ سابق وفا قی وزیر قانون بیرسٹر شاہدہ جمیل ، سینیٹر تنویر الحق تھانوی ، رکن صوبائی اسمبلی قمر رضوی ،ڈائریکٹر جنرل نیب لیفٹننٹ کرنل (ر) سراج النعیم ،پراسیکیوٹر جنرل نیب وقاص قدیر ڈار،ڈائریکٹر اور ڈین آئی بی اے کراچی ڈاکٹر فرخ اقبال ،چیئر مین ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل پاکستان سہیل مظفر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کی سماجی و اخلاقی اقدا ر کو تباہ کررہی ہے اور بدعنوان عناصر کی پشت پناہی کے باعث معاشرے کے ہر شعبہ میں کرپشن موجود ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عناصر کے باعث احتساب کے موجود قوانین بھی غیر موئثر ثابت ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ کرپشن سے نمٹنے کے لئے موئثر نگرانی ،خو د احتسابی ،انصاف اور میرٹ پر عملدرآمدضروری ہے تاکہ معاشرے کو کرپشن کی لعنت سے پاک کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک مشکل کام ضرور ہے لیکن عوام کی بھرپورمدد اور شرکت سے اسے پورا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید قانون سازی کے لئے کرپشن کے بنیادی عوامل اور وجو ہات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ان کے تدارک کے لئے اقدامات تجویز کرنا بھی ضروری ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ خصوصاً سرکاری اداروں کواس جانب بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ان اداروں میںکرپشن کے باعث عوام براہ راست متاثر ہوتے ہیں اور سرکاری رقوم کا ضیاع ہو تا ہے ۔

انہوں نے صوبہ میں کرپشن کی روک تھام اور اس میں ملوث افرادکو پکڑنے کے ضمن میں نیب کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹننٹ کرنل ( ر) سراج النعیم کی سربراہی میں نیب نے نہ صرف بدعنوانی میںملوث افراد کو گرفتار کیا بلکہ سرکاری رقوم بھی ان سے واپس لے کر سرکاری خزانہ میں جمع کروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے انٹیگریٹی ایوارڈ 2016 ء دیا گیا ہے اور وہ پاکستان میں اس ایوار ڈ کو حاصل کرنے والے پہلے شخص ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نیب کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ لیفٹننٹ کرنل (ر) سراج النعیم نے بتایا کہ 2016 ء کے دوران نیب کو 6613 شکایات موصول ہو ئیں جن میں سے 120 پر تحقیقات کی گئیں ، اس عرصہ کے دوران قومی خزانے سے بد عنوانی کے ذریعہ لوٹے گئے 1.739 ارب روپے وصول کئے گئے، 83 ریفرنس دائر کئے گئے اور 126 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے نیب کو حکومت اور عوام کا بھرپور تعاون حا صل ہے ۔ انہوں نے کراچی میں امن و امان کی بحالی میں رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروںکی تعریف بھی کی ۔ اس موقع پر بیرسٹر شاہدہ جمیل ، ڈاکٹر فرخ اقبال ، سہیل مظفر اور وقاص قدیر ڈار نے بھی خطاب کیا ۔اور نیب کی کارکردگی کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :