لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب حکومت کو سموگ سے متعلق پالیسی بنانے کا حکم

مستقبل میں حفاظتی اقدامات کے لئے سموگ پالیسی جلد نافذ کر دی جائے گی‘ سیکرٹری ماحولیات

بدھ 14 دسمبر 2016 17:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو سموگ سے متعلق پالیسی بنانے کا حکم دے دیا، سیکرٹری ماحولیات کا کہنا ہے کہ مستقبل میں حفاظتی اقدامات کے لئے سموگ پالیسی جلد نافذ کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے شیراز ذکاء ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے سموگ پر قابو پانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے، کچھ عرصہ قبل سموگ کی وجہ سے بچے، بوڑھے، خواتین بڑی تعداد میں متاثر ہوئے لیکن حکومت نے اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے اور نہ ہی کوئی آگاہی مہم چلائی۔

سیکرٹری ماحولیات سیف انجم نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے سموگ پالیسی کا ابتدائی ڈرافٹ تیار کر لیا ہے، متعلقہ محکموں کے ساتھ مشاورت کر کے اسے نافذ کر دیا جائے گا۔عدالت نے سیکرٹری ماحولیات کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے سیکرٹری ماحولیات کو حکم دیا کہ سموگ پالیسی جلد از جلد تیار کر کے نافذ کی جائے، عدالت نے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔