صدر مملکت ممنون حسین کو پاکستان میں تعینات ہونے والے سات ممالک کے سفیروں نے اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں

پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے خاص طور پر خطے میں امن اور ترقی کے لئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بہت اہم ہیں،ممنون حسین

بدھ 14 دسمبر 2016 17:25

صدر مملکت ممنون حسین کو پاکستان میں تعینات ہونے والے سات ممالک کے سفیروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2016ء) ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین کو پاکستان میں تعینات ہونے والے سات ممالک کے سفیروں نے اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں ۔ اسناد سفارت پیش کرنے والوں میں یمن ، کویت ، رومانیہ ، مالی ، کولمبیا، موریطانیہ اور البانیہ کے سفیر شامل ہیں۔اس سے قبل ہر ملک کے نامزد سفیر کو فرداً فرداً بگی پر ایوان صدر کے مرکزی دروازے پر لایا گیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

اس موقع پر متعلقہ ملک اور پاکستانی قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔اس کے بعد تعینات سفیروں نے علیحدگی میں صدر مملکت سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہاکہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے خاص طور پر خطے میں امن اور ترقی کے لئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بہت اہم ہیں انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لئے ہر ملک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے سرمایہ کاروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا ۔صدر مملکت نے پاکستان میں تعینات ہونے والے سفیروں کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے ۔اسناد سفارت پیش کرنے والے سفیروں میں یمن کے سفیر محمد موتہرالسابی ، کویت کے نصر عبدالرحمان جاثرال مہوتہری ، رومانیہ کے نکولا گویا ، مالی کے بوبکر گورودیال ،کولمبیا کے جوہان الفریڈو پینٹو سویڈرا ، موریطانیہ کے سیدی محمد لکھاف اور البانیہ کے جینٹی گیزیلی شامل تھے ۔ (جاوید)