آسیہ اندرابی کوسیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، زمرودہ حبیب

بدھ 14 دسمبر 2016 17:16

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموںوکشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمردہ حبیب نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی مسلسل غیرقانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زمردہ حبیب نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ آسیہ اندرابی کے چھو ٹے بیٹے احمد بن قاسم کی طبیعت نا ساز ہے ، اس وقت اُنہیںاپنی ماں کی اشد ضرورت ہے مگر انہیں ماںاور باپ کی شفقت سے محروم کیا جا رہا ہے جو نہایت ہی دکھ کی بات ہے۔

انہوںنے کہاکہ آسیہ اندابی کے بچوں نے اپنا سارا بچپن اپنے والدین کے بغیر گزاراجس کیلئے کٹھ پتلی انتظامیہ کو شرمسار ہونا چاہئے جو بچوں اورخواتین کے حقوق اوربہبود کی بڑی بڑی باتیں کر تی ہے۔

(جاری ہے)

زمردہ حبیب نے آسیہ اندرابی کی فوراً رہائی پر زوردیتے ہوئے تاکہ ان کا بیٹا اپنی والدہ کی نگہداشت میں جلد صحت یاب ہوسکے۔ جیل میں آسیہ اندرابی کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اُن کی صحت ناساز ہے اور اس کے باوجود پولیس اُنہیں رہانہیں کررہی ہے بلکہ حراست کے دوران انہیں علاج معالجے کی مناسب سہولتوں سے بھی محروم رکھا جارہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ’ ’نظریات کی جنگ ‘‘ کے دعویداروںنے مخصوض سیاسی نظریہ رکھنے والوں کا قافیہ حیات تنگ کر رکھا ہے اور اُنہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آسیہ اندرابی کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کا پُر امن حل چاہتی ہیں جس کیلئے اُنھوںنے زندگی کے کئی سال کشمیر اور کشمیر سے باہر مختلف جیلوں میںگزارے ہیں۔ زمردہ حبیب نے احمد بن قاسم کی جلد صحتیابی کی دعاء کی اورعالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بلا جواز گرفتاریوں، نہتے لوگوںکا قتل عام اور انسانی حقوق کی پا مالیاںبند کرناے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔