آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن نے ایکریڈیٹیشن کارڈ کی تجدید کا عمل شروع کر دیا

بدھ 14 دسمبر 2016 16:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء)آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن نے ایکریڈیٹیشن کارڈ کی تجدید کا عمل شروع کر دیا ہے اور جملہ ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 دسمبر 2016ء سے قبل اپنے کارڈ کی تجدیدی فیس جمع کروا تے ہوئے رسیدات ہمراہ تازہ صحافتی ثبوت بذریعہ ضلعی دفتر اطلاعات دفتر پریس فائونڈیشن کو ارسال کریں ۔

ترجمان پریس فائونڈیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ممبران پریس فائونڈیشن ایک سال کیلئے ایکریڈیٹیشن کارڈ کی تجدیدی فیس مبلغ 1200/- روپے کسی بھی بینک کے ذریعہ حبیب بینک ساتھرا برانچ مظفرآباد کے آزادی اکائونٹ نمبر 23007900834303 میں بنام آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن بغیر اضافی چارجز کے جمع کروا سکتے ہیں، جملہ ممبران اپنی تجدیدی فیس کی رسیدات کے ہمراہ ادارے کی تازہ تصدیق / اتھارٹی لیٹر بذریعہ ضلعی دفاتر اطلاعات دفتر پریس فائونڈیشن کو فراہم کرنے کے پابند ہوں گے ۔

(جاری ہے)

اگر کسی ممبر نے اپنے کارڈ میں کسی قسم کی تبدیلی یا کمی بیشی کروانی ہو تو وہ اپنی نگارشات تحریری طور پر سیکرٹری پریس فائونڈیشن کے نام مرکزی دفتر آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن ، G بلاک گرائونڈ فلور نیو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کمپلیکس مظفرآباد کے پتہ پر ارسال کریں ۔ کارڈ کی تجدید کیلئے تجدیدی فیس کی رسید کے ہمراہ ادارے سے وابستگی کی تازہ تصدیق / اتھارٹی لیٹر بہر صورت دفتر پریس فائونڈیشن کو ارسال کرنا ہو گا بصورت دیگر کارڈ کی تجدید ممکن نہ ہو گی ۔

یاد رہے کہ جو ممبران مقررہ مدت کے اندر اپنا ایکریڈیٹیشن کارڈ تجدید نہیں کروائیں گے وہ پریس فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے انتخاب میں حصہ لینے اور ووٹ ڈالنے کے اہل نہ ہو ں گے ۔ مزید کسی بھی قسم کی معلومات کیلئے ضلعی دفاتر اطلاعات سے رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔